عظمیٰ ویب ڈیسک
اودھم پور// اودھم پور ضلع کے کلر علاقے میں منگل کو پسی گرنے کی وجہ سے ایک زیر تعمیر عمارت گرنے سے کم از کم دو مزدور لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کلر کے قریب زیر تعمیر عمارت میں کام جاری تھا ، جس دوران ڈھانچہ مٹی کے تودے کی زد میں آ گیا۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایس ڈی آر ایف نے جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس کے نتیجے میں چھ مزدوروں کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا اور دو ملبے میں لاپتہ ہو گئے۔
اُنہوں نے بتایا،”بعد میں لاپتہ افراد کو بازیاب کر لیا گیا، تاہم بعد ازاں ملبے میں دبے دونوں مزدوروں کو ضلع ہسپتال میں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا”۔
متوفین کی شناخت انیرودھ کمار ولد نند کشور ساکنہ مدھیہ پردیش اور راکیش کمار ولد نصیب چاڈ ساکنہ رام نگر ادھم پور کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت دیوی دین کشواہ ساکنہ ادھم پور، شوکت علی ساکنہ دنڈیال، درویش شرما ساکنہ سیلان تالاب، ماسٹر میاں سکنہ بہار، سمیہ سکنہ جارہ تالاب اور ٹھاکر داس سکنہ مدھیہ پردیش کے طور پر ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ زخمیوں کا ضلع ہسپتال اودھم پور میں علاج کیا جارہا ہے۔
دریں اثناءایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ادھم پور جوگندر سنگھ جسروٹیہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور کہا کہ وہ اس معاملے کی صحیح جانچ کریں گے کہ یہ واقعہ کن حالات میں پیش آیا۔