محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع اودھم پور کے گرنائی علاقے میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اودھم پور سے جموں کی طرف جانے والی ایک سکارپیو گاڑی نے برِما پل کے نزدیک ایک راہگیر کو کو ٹکر مار دی، جس کے بعد بے قابو ہو کر توی ندی میں جا گری۔
اُنہوں نے بتایا کہ حادثے کی خبر ملتے ہی اودھم پور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور سکارپیو میں سوار دو زخمیوں کو ضلع ہسپتال اودھم پور منتقل کیا گیا جبکہ گاڑی کی زد میں آئے شہری کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی۔
پولیس نے موقع پر ہی لقمہ اجل بنے شہری کی شناخت 34 سالہ سنجے کمار ولد دیوی رام ساکنہ بٹلبالیاں، اودھم پور کے طور پر کی ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ واقع کی نسبت سے پولیس تھانہ اودھم پور مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔ وہیں قانونی لوازمات کے بعد لاش کو ورثاءکے حوالے کر دیا گیا ہے۔