سرینگر// گزشتہ 24 گھنٹوں میں دوسری مرتبہ جموں و کشمیر میں بدھ کی صبح ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس دوران ڈوڈہ ضلع میں تعمیراتی ڈھانچوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اور لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق، جموں و کشمیر میں گزشتہ شب بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔غیر سرکاری ذرائع کے مطابق، ڈوڈہ ضلع میں گزشتہ شب دو مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے۔ اُنہوں نے بتایا کہ 2بج کر 20 منٹ و2 بج کر 43 منٹ پر ہوئے جھٹکوں کی شدت بالترتیب 4.3 و 2.7 تھی۔
ادھر،نیشنل سینٹر فار سسمولوجی کے مطابق، بدھ کی صبح 2 بج کر 22 منٹ پر 4.3 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، زلزلے کی زیر زمین گہرائی قریب 76 کلو میٹر تھی اور مرکز ضلع ریاسی کا کٹرہ علاقہ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ زلزلے سے جموں وکشمیر سمیت شمالی بھارت کے کچھ حصے متاثر ہوئے ہیں۔
جموں وکشمیر کے خطہ چناب، وادی کشمیر اور پیر پنجال میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ بتادیں کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دوسری مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے خطہ چناب بالخصوص ڈوڈہ میں لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول پھیل اور لوگ رات بھر اپنے گھروں سے باہر رہے۔جھٹکوں سے سینکڑوں رہائشی و غیر رہائشی مکانات ناقابل رہائش بن گئے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس سے قبل کو منگل کو جموں وکشمیر میں 5.4 شدت کا زلزلہ ہوا تھا، جس کی وجہ سے ڈوڈہ اور کشتواڑ میں درجنوں رہائشی مکانوں سمیت کئی نجی و سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔
جموں وکشمیر میں پھر 4.3 شدت کا زلزلہ، ڈوڈہ میں کئی ڈھانچوں کو نقصان