یو این آئی
جموں// سیکورٹی منظر نامے کے مزید استحکام کو یقینی بنانے کے لئے صوبہ جموں کے 16 ریلوے سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ جموں میں فیروز پور ڈویژن کے تحت آنے والے 16 ریلوے سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کمیروں کی تنصیب کا کام محکمہ ریلوے کے نربھیا فنڈ کے تحت کیا جا رہا ہے جس کا استعمال خواتین مسافروں پر خصوصی توجہ کے ساتھ ٹرینوں میں مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کیا جا رہا ہے۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سی سی ٹی وی کمیرے کٹھوعہ، وجے پور، باری برہمنا اور دیگر چھوٹے ریلوے اسٹیشنوں پر نصب کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر تین سٹیشنوں کے لئے ایک مشترکہ کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کی خصوصی ٹیمیں پلیٹ فارموں پر ہو رہی تمام سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ شمالی ریلوے نے پروجیکٹ کو منظوری دے دی ہے اور جنوری 2024 تک سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل ہونے کی توقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں کل 30 ریلوے سٹیشن ہیں جن میں سے فی الحال جموں صوبے کے 16 سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا، ‘چونکہ باری برہمنہ، وجے پور اور مجالٹہ سمیت چھوٹے ریلوے سٹیشنوں پر ریل گاڑیاں مختصر وقفے کے لئے ٹھہرتی ہیں اس لئے ایسے مقامات پر جرائم کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے ان چھوٹے سٹیشنوں پر سیکورٹی گرڈ مزید مضبوط ہوگا۔