جموں//سرحد پار سے ڈرون سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بھارتی فوج نے جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ ایکوا جیمرز اور ملٹی شاٹ گنز نصب کی ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اب تک ایک درجن سے زائد بار پاکستان کی جانب سے ڈرون کی سرگرمیوں کی اطلاع دی گئی ہے جس کا مقصد سرحد کے اس جانب اپنے ہینڈلرز کو ہتھیار، سٹکی بم اور دیگر لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنا ہے۔
دفاعی ذرائع نے کہا، ” فوج نے ڈرونز، ہتھیاروں اور دیگر سامان کی سمگلنگ کیلئے ڈرون استعمال کرنے کے “پاکستان کے منصوبے” سے نمٹنے کیلئے سرحد پر ایکوا جیمرز اور ملٹی شاٹ گنیں نصب کی ہیں”۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید اور ہائی ٹیک گیجٹس ایل او سی پر پاکستانی سرحد سے صرف 400میٹر کے فاصلے پر نصب کیے گئے ہیں،بھارتی فوج پاکستان کی ڈرون سازش کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے جس کے لیے ایکوا جیمرز اور ملٹی شاٹ گنیں مخالفین کی کوششوں کو ناکام بنا دیں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ اب تک رواں برس سرحد پر تعینات فوجیوں نے کئی بار پاکستان کی سازش کو ناکام بنایا ہے اور اڑنے والی اشیاء کو مار گرانے کے بعد سٹکی بم، آئی ای ڈیز اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے۔
دفاعی زرائع نے بتایا کہ ایکوا جیمرز نہ صرف 4900یٹر کے فاصلے سے ڈرون کو ٹریک کریں گے بلکہ اس کی سرگرمی کو منجمد کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں”۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام منصوبوں کو گیجٹس کی تنصیب کے ساتھ مؤثر طریقے سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا، “اس کے علاوہ، ملٹی شاٹ گن میں ایک بار ایکوا جیمر کے ذریعے ٹریک کیے جانے کے بعد ڈرون کو مار گرانے کی صلاحیت موجود ہے “۔
ذرائع نے زور دے کر کہا کہ سرحد پار سے رچی جانے والی ڈرون سازش سکیورٹی فورسز کے لیے ایک نیا چیلنج ہے لیکن ہائی ٹیک گیجٹس کی تنصیب سے دشمنوں کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ “خصوصی طور پر بنائے گئے نگرانی کے مراکز جدید ترین PTZ کیمروں اور تھرمل امیجرز کے ساتھ سرحد کے آر پار ہر سرگرمی کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ جغرافیائی حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، پاکستان کوئی شرارت نہ کرے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن پر جدید آلات کی تنصیب کے بعد توقع ہے کہ اسی قسم کے آلات بین الاقوامی سرحد پر بھی تعینات کیے جائیں گے تاکہ پاکستان کی ڈرون سازش کا منہ توڑ جواب دیا جا سکے۔
سرحدوں پر ڈرون سرگرمیوں سے نمٹنے کیلئے ملٹی شاٹ گنز،ایکوا جیمرزنصب کئے:فوج