سری نگر//جموں وکشمیر پولیس نے جمعہ کے روز شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں لشکر طیبہ کے ایک جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا،”بانڈی پورہ کے زلوان نرسری علاقے میں عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت سے متعلق مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، بانڈی پورہ پولیس نےفوج کی 14آر آر اور سی آر پی ایف کی تیسری بٹالین کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ تلاشی اور سرچ آپریشن شروع کیا۔ تلاشی کے دوران لشکر طیبہ کے ایک مقامی تربیت یافتہ جنگجو کو گرفتار کیا گیا”۔
اُنہوں نے بتایا ،” گرفتار جنگجو نے کی شناخت شاہد حسین بھٹ ولد غلام حسن بھٹ سکنہ پلان بانڈی پورہ کے بطور ہوئی ہے”۔
پولیس بیان کے مطابق،”گرفتار جنگجو کے انکشاف پر 02دستی بم برآمد ہوئے جو اس نے وارڈ نمبر 04پلان بانڈی پورہ کے قریب دھان کے کھیتوں میں چھپا رکھے تھے۔ گرفتار جنگجو پی او کے میں لشکر طیبہ کے جنگجووں سے رابطے میں تھا اور اسے بانڈی پورہ میں پولیس / سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ اسے سرحد پار سے اس کے ہینڈلرز نے بانڈی پورہ میں نوجوانوں کو ممنوعہ عسکری تنظیم لشکر طیبہ میں بھرتی کرنے کیلئے متحرک کرنے کا ٹاسک بھی دیا تھا”۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 168/2022پولیس تھانہ بانڈی پورہ میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
بانڈی پورہ میں لشکر جنگجو گرفتار،2دستی بم برآمد:پولیس