سری نگر//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ نکسل تشدد سے متاثرہ ریاستوں کے علاوہ جموں و کشمیر اور شمال مشرقی ریاستوں میں سیکورٹی کی صورتحال نریندر مودی حکومت کے گزشتہ آٹھ سالوں میں بہتر ہوئی ہے۔
مرکزی وزیرِ داخلہ قومی پولیس یادگاری دن کے موقع پر نئی دہلی کے چناکیہ پوری علاقے میں نیشنل پولیس میموریل میں اعلیٰ پولیس اور نیم فوجی کمانڈروں سے خطاب کر رہے تھے۔
اُنہوں نے کہا،”شمال مشرق میں، ہم نے مسلح افواج (AFSPA کے تحت) کو دیے گئے خصوصی اختیارات کو ختم کر دیا ہے اور اس کے بجائے، وہاں کے نوجوانوں کو خصوصی اختیارات دیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ان علاقوں میں تشدد میں 70 فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے”۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی صورتحال ایسی ہے کہ جو لوگ پہلے سیکورٹی اہلکاروں پر پتھراو کرتے تھے اب پنچ اور سرپنچ بن گئے ہیں۔
یاد رہے کہ قومی پولیس یادگاری دن سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے 10 اہلکاروں کی یاد میں منایا جاتا ہے جو اس دن 1959 میں لداخ کے گرم چشمہ کے علاقے میں چینی فوجیوں کے ذریعہ گھات لگا کر مارے گئے تھے۔
بھاجپا دورِ حکومت میں جموں و کشمیر میں سیکورٹی صورتحال بہتر ہوئی : امت شاہ