جموں// بالائی علاقوں میں بھاری برف باری کی وجہ سے مغل روڈ پر ٹریفک کی معطل ہونے کے بعد درماندہ تقریباً 70 مسافروں کو بچا لیا گیا ہے اور سڑک سے برف کو صاف کر دیا گیا ہے۔تاہم، جموں صوبہ کے ضلع پونچھ کو جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں سے جوڑنے والی سڑک پر پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ منگل کی شام بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی جس سے پونچھ میں پیر کی گلی اور پوشانہ کے درمیان درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں۔
حکام نے بتایا کہ پولیس اور فوج کی طرف سے ایک مشترکہ ریسکیو آپریشن رات 9 بجے کے قریب شروع کیا گیا تھا اور آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ٹریفک) آفتاب شاہ نے پی ٹی آئی کو بتایا،” 15 چھوٹی گاڑیوں سمیت 28 گاڑیوں کے تقریباً 70 مسافروں کو بچا لیا گیا ہے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے”۔
انہوں نے کہا کہ ہائی وے کو برف سے صاف کر دیا گیا ہے لیکن سڑک کی انتہائی پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
مغل شاہراہ پر درماندہ مسافروں کوبچا لیا گیا، سڑک ہنوز بند