سری نگر// الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے بی جے پی لیڈر جاوید قریشی کے علاوہ جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے دس دیگر لوگوں کو ستمبر2023تک منعقد ہونے والے کسی بھی الیکشن کے لئے نا اہل قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ای سی آئی کی طرف سے چیف الیکٹورل افسر جموں وکشمیر کے نام ایک مکتوب میں کہا گیا کہ جاوید قریشی اور دس دیگر لوگوں کو ستمبر 2023تک کسی بھی الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی ہے۔
ان امیدوراوں نے سال 2019 میں لوک سبھا سیٹ کے لئے الیکشن لڑے تھے لیکن یہ امیدوار مقررہ وقت کے اندر الیکشن پر آنے والے خرچے کی تفصیلات پیش کرنے میں ناکام ہوئے تھے جس کے باعث ان پر کسی بھی الیکشن میں حصہ لینے پر تین سالہ پابندی عائد کی گئی۔
بتادیں کہ جاوید قریشی نے سال 2019میں بارہمولہ نشست سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے لوک سبھا کے لئے الیکشن میں حصہ لیا تھا اور انہوں نے قریب چار ہزار ووٹ حاصل کئے تھے۔
جن دیگر دس لوگوں کو نا اہل قرار دیا گیا ہے، ان میں انیل سنگھ (جموں)، بلون سنگھ (جموں)،سکندر احمد نورانی (جموں)، راکیش مدگل(اودھم پور )، فردوس احمد بوانی (اودھم پور )، ریاض احمد نٹ (اننت ناگ )، شمس خواجہ (اننت نگ)،علی محمد وانی (اننت ناگ) اور مرزا سجاد حسین بیگ (سری نگر ) شامل ہیں۔
بی جے پی لیڈر جاوید قریشی اور 10 دیگر الیکشن لڑنے کیلئے نا اہل قرار