تھنہ منڈی //حنفیہ جامع مسجد ہسپلوٹ تھنہ منڈی کی کمیٹی نے پیر سید عنایت حسین شاہ کی سرپرستی اور حافظ محمد نصیرالدین نقشبندی کی قیادت میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں ریاست وبیرون ریاست سے علمائے کرام نے شرکت کی ۔ اترپردیش سے تشریف لانے والے علامہ مولانا ڈاکٹر انوار احمد بغدادی اور مولانا طاہرقادری اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے اپنے اپنے خطاب میں اسلام کی حقانیت اور قانون اسلام کی اہمیت افادیت کو اجاگر کیا ۔علما نے عوام سے مخاطب ہو کر کہا کہ آج دنیا میں مسلمان جو ذلت ورسواء اور پستی پسماندگی کا شکار ہو رہے ہیں، اس کی صرف یہی وجہ ہے کہ انہوں نے قانون شریعت پر عمل کرنا چھوڑ دیا ہے اور اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے رشتہ توڑ دیا ہے ورنہ تاریخ گواہ ہے کہ مسلمانوں کا جب عقیدہ وعمل درست تھا تو بڑی سے بڑی طاقتیں بھی مسلمانوں کو مغلوب نہ کر سکیں۔ علما نے کہا کہ آج اگر کوئی بھی حکومت یا طاقت اسلام اور مسلمانوں کے بنیادی عقائد و اعمال اور اسلام کے قانون کو چیلنج کرتی ہے تو پوری دنیا کے مسلمانوں کو عملی طور پر میدان میں آکر ایسے چیلنجز کا مقابلہ کرنا پڑے گا۔ علما نے کہا کہ اگر آج بھی ہندوستان کا مسلمان غفلت کی نیند سے بیدار نہیں ہوتا اور اپنے ایمان و عمل کو درست نہیں کرتا تو پھر بار بار مودی اور یوگی جیسے حکمران مسلط ہوتے رہیں گے ۔علما نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر آج بھی مسلمان اپنا رشتہ محبت اپنے نبی سے قائم کر لیں اور اعمال کی اصلاح کر لیں تو اپنا کھویا ہوا وقار واپس مل سکتا ہے۔انہوںنے اپنے خطاب میں مسلمانوں کی تعلیمی زبوں حالی کو بھی بیان کیا اور کہا کہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کا بطور خاص اہتمام کرنا چاہئے اور اپنے بچوں کو مدرسوں میں بھیج کر تعلیمات دین کے زیور سے آراستہ کرنا چاہئے ۔اس دوران حنفیہ جامع مسجد میں چلنے والے مدرسہ فیضان غریب نواز کے تین طلبہ کی دستار بندی بھی کی گئی۔اپنے خطاب میںپونچھ جامع مسجد کے خطیب مولانا مفتی فاروق حسین مصباحی ،بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر مولانا مفتی محمد ابراہیم مصباحی ،جموں سے مولانا مفتی محمد اسلم رضا مصباحی ،یوپی سے مولانا محمد عارف رضا اور مولانا پروفیسر عبدالرشید قادری نے بھی مسلمانوں کو درپیش موجودہ مسائل پربحث کی ۔پروگرام کا آغازقاری وجاہت حسین قادری کی تلاوت سے ہواجبکہ قاری محمود رضا نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ مولانا حافظ قاری ظہور احمد علیمی نے نعت رسول سنا کر عوام کے دلوں کو مسرور کیا۔اس موقعہ پر حافظ محمد نسیم رضا امام مسجد ،مولانا نصیر حسین علیمی، مولانا محمد اسلم رضا نعیمی ،حافظ عبدالمجید، حافظ جمیل احمد، حافظ ریاض قادری ،حافظ سید مظفر حسین شاہ ،مولانا محمدیونس قادری ، حافظ ارشاد احمد علیمی ،حافظ ارشاد احمد الالوی ،مولانا شوکت حسین رضوی سلطانی ودیگران بھی موجود تھے۔اس پروگرام کا اہتمام کرنے میں حنفیہ جامع مسجد کی کمیٹی سبھی ممبران شمشیر لون، ڈاکٹر شمشیر ،سردارطفیل احمد ،سردار شوکت حسین، حاجی وزیر حسین، گارڈ عبدالحفیظ ،ماسٹر منیر حسین، مولوی بشیر احمد وغیرہ نے کیا ۔آخر پر عالم اسلام کیلئے دعائیں کی گئیں۔