پونچھ//حکومت نے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات لانے میں بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے،ریاست جموں و کشمیر میں سب سے زیادہ کرپشن محکمہ تعلیم میں ہورہی تھی جسے موجودہ حکومت نے جڑ سے ختم کیا ہے اورسرکار ریاست میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں مصروف عمل ہے۔ ان باتوں کااظہار ڈاک بنگلہ پونچھ میں جموں کشمیر و لداخ ٹیچرس فیڈریشن اور اکھل بھارتیہ راشٹریہ شکشک یونین کے باہمی اشتراک سے منعقدہ یک روزہ سیمینار کے دوران ریاستی وزیر مملکت برائے تعلیم پریا سیٹھی نے کیا ۔سیمینار میں ضلع بھر کے اساتذہ،ایم ایل سی پردیپ شرما، ضلع افسران اور وکلاءو جج صاحبان اور معزز شہریوںنے شرکت کی۔پریانے کہاکہ بہت جلد حکومت ڈھانچے میں تبدیلی کیلئے اقدامات کے ساتھ سامنے آئے گی جس سے اساتذہ برادری کے مسائل بھی حل ہوںگے ۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر پونچھ محمدہارون ملک نے محکمہ تعلیم کی حصولیابیوںپر روشنی ڈالی ۔اس موقعہ پر دیگر مقررین نے تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے پرزور دیتے ہوئے کہاکہ ریاست میں تعلیمی نظام کو بدلنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تدریسی عملہ اپنا کام ذمہ داری سے نبھا رہا ہے جو بڑی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کی تنظیم نو ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں ایک چیف ایجوکیشن آفیسر تعلیمی سرگرمیوں کونمٹنے کے لئے کافی نہیں۔مقررین کاکہناتھاکہ چیف ایجوکیشن آفیسر کا اضافی بوجھ کم کرنے کے لئے کچھ سینئر پرنسپل کو بھی سی ای او کے طور پر ایڈجسٹ کیاجائے ۔ انہوں نے اساتذہ کیلئے بنیادی تربیت کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے حکام سے تدریسی عملہ کے کردار کو سمجھنے اورنظام تعلیم میں بہتری لانے کے لئے نئی پالیسیوں کو اختیار کرنے کی اپیل کی۔اس دوران ڈاکٹر دھرمندر شاستری کوآرڈی نیٹراے جے کے ایل ٹی ایف پونچھ،لعل حسین چوہدری چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ، درشن بھارتی ریاستی نائب صدرپونچھ، وجے پوری، پرنسپل ہائر سکنڈری اسکول اسلام آباد وغیرہ بھی موجو دتھے۔سیمینار کے دوران نظامت کے فرائض فیاض علی آرزو ضلع نائب صدر نے انجام دیئے۔