منڈی//تحصیل صدر مقام منڈی میں پلیرہ کی عوام نے محکمہ صحت کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا جس دوران دو گھنٹے تک منڈی ۔لورن۔ ساوجیاں سڑک گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند رہی ۔ پلیرہ کی عوام نے منڈی بازار میں محکمہ صحت کے خلاف جم کر احتجاج کیا ۔ بیبو بی بیوہ محمد علی ساکنہ پلیرہ اپنے گھر سے باہر پہاڑی سے لڑھک کر گر گئیں جسے علاج کیلئے سب ضلع اسپتال لایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسے ڈاکٹروں نے ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا تاہم جونہی اس کے گھر والوںنے اسے سب ضلع اسپتال کی ایمبولینس میں بٹھانا چاہا تو ایمبولینس کے ڈرائیور کے ساتھ کسی بات پر تو تو میں میں ہوگئی جس کے بعد لوگوں نے مریض کو اپنی نجی گاڑی میں پونچھ لیا اور پونچھ پہنچتے ہی بیبو بی زخموں کی تاب نہ لا کر اس دنیا سے چل بسیں ۔خاتون کی موت کی خبر سنتے ہی پلیرہ کے لوگوں نے منڈی بازار میں محکمہ صحت کے خلاف احتجاج کیا ۔مظاہرین نے کہاکہ ایمبولینس ڈرائیور کو معطل کیاجائے اور اسے اپنی اصل پوسٹ مینڈھر بھاٹہ دھوڑیاں پر بھیجاجائے ۔اس دوران دو گھنٹے تک روڈ پر ٹریفک بند رہی۔احتجاج کی خبر ملتے ہی تحصیلدار منڈی عبدالقیوم نے وہاں پہنچ کرلوگوں کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ ڈرائیور کو معطل کیاجائے گااور اسے واپس اپنی پوسٹ بھی بھیجاجائے گا۔ اس یقین دہانی پر لوگوں نے احتجاج ختم کیا۔دریں اثناء تحصیلدار منڈی نے کارروائی کرتے ہوئے ایمبولینس ڈرائیور اعجاز حسین کو معطل کردیاہے ۔