سرنکوٹ //جوں جوں ماہ صیام قریب آرہاہے ، شراب بندی کا مطالبہ بھی زور پکڑتاجارہاہے ۔اس سلسلے میں اب نوجوانوںنے خصوصی مہم شروع کی ہے ۔ سرنکوٹ کے نوجوانوں کی طرف سے سوشل میڈیا کے سہارے ایک مہم چلائی جارہی ہے اور وہ اس بات کا مطالبہ کررہے ہیں کہ ماہ صیام سے شراب بندی ہونی چاہئے جس کو پھر دوبارہ فروغ نہ دیاجائے ۔نوجوانوںنے اس بات کا عہد کیاہے کہ وہ اس بار ماہ صیام کے دوران تحصیل میں شراب بندی کو یقینی بنائیںگے اور شراب کی خریدوفروخت نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ اسی شراب کی وجہ سے نوجوان حادثات کا شکار ہوکر لقمہ اجل بن رہے ہیں اور حالیہ دنوں میں کچھ ایسے حادثات رونما ہوئے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ بازار سے شراب لیکر سیاحتی مقامات پر جاکر اس کو پیاجاتاہے اس لئے ضرورت اس بات کی ہے اس پر مکمل طور پر پابندی عائد کی جائے۔انہوںنے کہاکہ سرنکوٹ میں منشیات اور شراب کے کاروبار پر پابندی عائد کی جائے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے ۔نوجوانوں نے کہاکہ شراب بندی کے معاملے پر سبھی نوجوان ایک ہی موقف رکھتے ہیں اور وہ اس کے خلاف ایک منظم مہم چلائیںگے ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں علماء اور سول سوسائٹی کو انہیں تعاون دیناچاہئے۔