راجوری//خوراک ، امور صارفین و اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی اور پشو پالن و ماہی پروری کے وزیر چودھری عبدالغنی کوہلی نے راجوری ضلع کے سال 2017-18 کے ضلع پلان کے تحت ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی کاموں کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لیا ۔ میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ شفافیت ، جوابدہی اور رشوت سے پاک انتظامیہ کی فراہمی موجودہ حکومت کا خاصا ہے اور لوگوں کو اُن کی دہلیز پر ہر طرح کی بنیادی سہولیات بہم رکھنے کی وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی کاموں کو معیاد بند مدت کے اندر مکمل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کاموں کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے رقومات کو منصفانہ ڈھنگ سے صرف کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے عمل آوری ایجنسیوں سے کہا کہ وہ اہم سڑک پروجیکٹوں کی ٹینڈرنگ کا کام وقت پر مکمل کریں ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پشو پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کہا کہ حکومت لوگوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے پُر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو وقت پر مکمل کیا جانا چاہئیے ۔ اس سے پہلے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے مختلف محکموں کی حصولیابیوں سے متعلق ایک خاکہ پیش کیا ۔ میٹنگ میں موجود کئی ارکان قانون سازیہ نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل ابھارے ۔ میٹنگ میں پہاڑی زبان بولنے والے لوگوں کی بہبود سے متعلق ریاستی مشاورتی بورڈ کے وایس چئیر پرسن کلدیپ راجگپتا ، ایم ایل اے راجوری چودھری قمر حسین ، ایم ایل اے نوشہرہ رویندر رینہ ، ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔