مینڈھر//ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے گزشتہ روز رام کنڈ اور ساگرہ علاقہ کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انکے ہمراہ تحصیل آفیسران بھی تھے۔ اس موقعہ پر لوگوں نے اپنے اپنے مسائل ایم ایل اے مینڈھر کے سامنے پیش کرتے ہوئے ان کے حل کی اپیل کی ۔لوگوں نے کہا کہ زمینی سطح پر انتظامیہ کوئی کام نہیں کر رہی ہے جبکہ بنیادی سہولیات بھی لوگوں کو دستیاب نہیں ہور ہی ۔انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ شروع ہو چکا ہے لیکن بجلی اور پانی کی سپلائی کا حال بہت ہی خراب ہے ۔ایم ایل اے مینڈھر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل حل کئے جائیںگے اور رمضان کے مہینے میں بجلی اور پانی کی کمی نہیں لگے گی ۔اس دوران رانا نے مینڈھر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور لوگ در در کی ٹھوکریں کھار ہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ پونچھ بھی غیر سنجیدگی سے کام لے رہی ہے۔رانا کاکہناتھاکہ وزیر اعلیٰ کو ذاتی مداخلت کرکے انتظامی امور کو بہتر بنانے کے اقدامات کرنے چاہئیں ۔رانا نے کہاکہ انہیں متعدد علاقوں کادورہ کرنے کے دوران یہ شکایت ملی ہے کہ سرکاری دفاتر میں ملازمین و آفیسران کا رویہ ٹھیک نہیں اور وہ عام لوگوں کا کوئی کام نہیں کرتے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے کہا کہ ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایا جائے کیونکہ سرکاری دفاترکا کام کاج مکمل طور تباہ ہو گیا ہے۔انہوں نے تحصیل آفیسران کو موقعہ پر ہدایت دی کہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور خاص کراس بات کو یقینی بنایاجائے کہ ماہ رمضان کے مہینے میں لوگوں کو کسی قسم کی کوئی مشکل نہ آئے کیونکہ گرمیوں کا موسم چل رہا ہے اور لوگ در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پانی اور بجلی کے نظام میں بہتری لائی جائے ۔محمد شوکت چوہدری ضلع سکریٹری نیشنل کانفرنس ،سابق سرپنچ خادم چوہدری ودیگران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔