سرنکوٹ// سرنکوٹ کے صدر مقام سے صرف ڈیڑھ کلو میٹر دورلوہر پوٹھہ میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور لوگ پانی کی بوند بوند کو ترساں ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ انہیں پانی فراہم کرنے کیلئے سڑک کنارے ایک ہینڈ پمپ لگایاگیاتھا تاہم وہ پچھلے ڈیڑھ ماہ سے خراب پڑاہے جسے ٹھیک کرانے کیلئے کسی نے بھی زحمت ت گوارہ نہیں کی ۔ان کاکہناتھاکہ ہینڈ پمپ لگوانے کا مقصد یہ تھاکہ پانی کی قلت پوری ہو لیکن اس جانب کوئی دھیان نہ دینے کی وجہ سے ہینڈ پمپ ناکارہ ہوگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ ہینڈ پمپ کو ٹھیک کرکے پانی کی سپلائی بحال کی جائے ۔شیخ محمد بشیر نے بتایا کہ انہوںنے اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے بھی رابطہ کیا لیکن دو ماہ بیت چکے ہیں اور اس ہینڈ پمپ کو ٹھیک نہیں کرایاجارہا۔ انہوںنے کہاکہ سرنکوٹ میں صرف ایک یہی نہیں بلکہ کئی ہینڈ پمپ اسی حالت میں نظر آتے ہیں ۔