تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کی عوام گریف انتظامیہ کی ناقص کارگردگی پر سخت نالاں ہے۔راجوری۔ تھنہ منڈی سڑک جو تاریخی مغل شاہراہ کا اہم ترین حصہ ہونے کے ساتھ ساتھ تھنہ منڈی کے قرب میں واقع معروف زیارت شاہدرہ شریف کو بھی جاتی ہے ،پرمحکمہ گریف نے دوسال قبل 20 کلو میٹر سڑک سے صرف 13 کلو میٹر سڑک پر تارکول بچھایاتھا اور بقیہ 7 کلو میٹر سڑک پلانگڑھ سے تھنہ منڈی کو لاوارث سمجھ کر چھوڑ دیا گیا۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ محکمہ گریف نے تھنہ منڈی کی عوام کے ساتھ نا انصافی اور زیادتی کی ہے۔ اس سڑک پر پانی کے نکاس کے لئے کوئی معقول انتظامات نہیںاورسڑک کے اطراف کا سارا پانی سڑک کے بیچ سے ہو کر گزرتا ہے۔ راجوری۔ تھنہ منڈی سڑک پر کاشتکاروں نے من مرضی کرتے ہوئے جگہ جگہ پر غیر قانونی طور پر سڑک کی کھدائی کر کے رکاوٹیں کھڑی کی ہوئی ہیںجنکے خلاف کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کی جارہی۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری شاہد اقبال چوہدری کی راجوری آمد سے تھنہ منڈی کی عوام کی امیدیں بھر آئی تھیں کہ وہ مثبت اقدام اٹھا کر ترجیحاتی بنیادوں پر اس سڑک کی تعمیر کرانے میں اہم کردار ادا کریں گے تاہم ایسا کچھ نہیں ہوا اور تھنہ منڈی کے لوگوں کے معیار زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ۔مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ تھنہ منڈی اور شاہدرہ شریف کے ساتھ روارکھے جارہے سلوک کا خاتمہ کیاجائے ۔