مینڈھر//گزشتہ روز بالاکوٹ میں ایک بار پھر سے ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کاتبادلہ ہواجس دوران اگرچہ کوئی انسانی جانی نقصان نہیں ہواالبتہ ایک بھینس ہلاک جبکہ چار زخمی ہوگئیں۔ مال مویشی کے زخمی ہونے کی خبر ملتے ہی تحصیل انتظامیہ بالاکوٹ نے ویٹرنری کی ٹیم کے ہمراہ علاقے کادورہ کیا تاہم مقامی لوگوں کاکہناہے کہ یہ ٹیم صرف ایک گھر میں مال مویشیوں کا معائنہ کرنے کے بعد واپس ہوگئی اور اس علاقہ میں گئی ہی نہیں جہاں زیادہ نقصان ہواہے ۔ لوگوں نے بتایاکہ پنجنی علاقہ میں نمبردار محمد ایوب کی دو بھینسیں شدیدزخمی ہوئی اور ایسا لگ رہاہے کہ بندوق کی گولیاں ابھی بھی بھینسوں کے جسم میں پیوست ہیں لیکن ٹیم نے اس جگہ کا دورہ نہیں کیا ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور متعلقہ محکمہ کے وزیر سے اپیل کی کہ ٹیم کے خلاف انکوائری کرائی جائے اور فوری طور پر کوئی دوسری ٹیم علاقے میں روانہ کی جائے ۔اس سلسلہ میں جب ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں سے بات ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ معلوم کریںگے کہ ٹیم موقعہ پر کیوں نہیں گئی اور اگر کسی نے لاپرواہی برتی ہوگی تو اس کے خلاف کارروائی کرکے دوسری ٹیم کو علاقے میں بھیجاجائے گا۔دریں اثناء فوج کی چوکی سے دوسو گز دوری پر ایک مائن بلاسٹ ہواجس کی زد میں آکرمحمد بشیر ولد نواب دین ساکن راہ ملہوتہ بالاکوٹ کی ایک بھینس زخمی ہوگئی ہے۔