راجوری //جن سنگھ کے بانی اورجواہر لعل نہرو کی پہلی کابینہ کے وزیر ڈاکٹر شیا ماپرشاد مکھرجی کا 116واں یوم پیدائش منانے کی غرض سے بھاجپا کی طرف سے ڈاک بنگلہ راجوری کے کانفرنس ہال میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں پہاڑی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین کلدیپ راج گپتا مہمان خصوصی تھے ۔اس موقعہ پر بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلدیپ راج گپتا نے کہاکہ مکھرجی سچے محب وطن تھے جنہوںنے اپنی جان بھی ملک کی خاطر قربان کردی ۔گپتا نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہاکہ انہیں آج بھی وہ مہم یاد ہے جو مکھرجی نے 1953میں جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کے خلاف شروع کی تھی ۔گپتا نے دعویٰ کیاکہ وہ بھی اس مہم کا حصہ بنے جس کی پاداش میں انہیں سترہ برس کی عمر میں جیل بھیجاگیا اور پھر ان کی رہائی مکھرجی کی وفات کے بعد ہوئی ۔انہوںنے بھاجپا کارکنان پر زور دیاکہ وہ مکھرجی کے راستے پر چل کر لوگوں کی خدمت کریں ۔اس موقعہ پر دنیش شرما ضلع صدر بی جے پی ، اتم پرکاش ، دیو راج شرما، سنجے دت ، دیرج شرما اور کپل سریال بھی موجود تھے ۔