پونچھ//ضلع راجوری سے ایئرسروس شروع کرنے کے فیصلے کے بعد اب پونچھ ضلع سے بھی اسی طرح سے کی سروس شروع کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع پولیس کے افسران کے علاوہ دفاعی ودیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ میٹنگ میں بتایاگیاکہ پونچھ سے ہوائی سروس شروع کرنے کے بارے میں بہت جلد اعلان کیاجائے گا۔میٹنگ میں ایس ایس پی پونچھ راجیو کمار پانڈے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گروندر جیت سنگھ ، چیف میڈیکل افسر ممتاز بھٹی ، 93انفینٹری سے وابستہ فوجی افسران ، پی ایچ ای اور تعمیرات عامہ کے افسران بھی موجود تھے ۔اس دوران ہیلی پیڈ کیلئے جگہ کا انتخاب ، ویٹنگ روم اور واش روم وغیرہ جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا۔میٹنگ میں بتایاگیاکہ ضلع انتظامیہ میںسے کسی ایک افسر کو نوڈل افسر مقرر کیاجائے گاجو متعلقین کے ساتھ سبھی معاملات طے کرے گا۔یہ بھی بتایاگیاکہ حکومت ہند نے اس حوالے سے دونوں اضلاع راجوری اور پونچھ کیلئے ہوائی سروس شروع کرنے کو ہری جھنڈی دکھادی ہے اوراس سلسلے میں ضلع انتظامیہ کو پیغام بھی موصول ہوگیاہے ۔ میٹنگ میں مزید بتایاگیاکہ ابتدائی طور پر ہفتے میں دودن سنیچر اور سوموار کو ہوائی جہاز اڑان بھرے گا ۔مزید بتایاگیاکہ ابتداء میں ہیلی پیڈ کیلئے فوج کے زیر استعمال جگہ استعمال کی جائے گی اور کرایہ کا تعین بھی متعلقہ حکام سے بات چیت کرکے بہت جلد کردیاجائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے اس پیشرفت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس سے خطہ پیر پنچال خاص کر پونچھ کے لوگوں کی کئی مشکلات آسان ہوجائیںگی اور یہاں کی سیاحت فروغ پائے گی۔