راجوری//یاتریوں کی ہلاکت پرجموں بند کال پر راجوری میں بھی جزوی طور پر ہڑتال کی گئی اور اس دوران اقلیتی طبقہ کی طرف سے دوکانیں بند رکھی گئیں جبکہ کئی مقامات پر احتجاج ہوئے ۔ اس دوران نوجوانوں نے سلانی پل ، قدیم بس اسٹینڈ اور ملحقہ جات میں احتجاجی دھرنے دئیے اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں نوجوانوں نے ریاستی مخلوط سرکار کے خلاف جم کرنعرہ بازی کی اور حملہ کو انسانیت سوز قرار دیا۔وہیں پولیس نے نوجوانوں کو سمجھاتے ہوئے ٹریفک کی نقل وحرکت بحال کیاتاہم سینکڑوں کی تعداد میں مسافروں کو احتجاجی دھرنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے رابطہ کرنے پربتایا کہ بند کی کال کے پیش نظر ایک دو گھنٹہ دوکانیں بند رہی تاہم بعد میں معمول کے مطابق ٹریفک نظام سمیت دیگر تجارتی مراکز کھل گئے اور معمولات زندگی بحال ہوگئے تاہم اس دوران کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔