مینڈھر//مینڈھر میں محکمہ بجلی کا نظام درہم برہم ہے اور ملازمین سے مایوس ہوکر لوگوں کو خود ہی ترسیلی لائنوں کی مرمت کرناپڑتاہے ۔تاہم اس کھیل کے دوران انہیں اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہوئے ایک دوسرے کے کندھوںپر سوار ہوناپڑتاہے ۔کالابن علاقہ میں گزشتہ دنوں کی ہوائوں اور بارشوںسے ترسیلی لائنوں کو نقصان پہنچاجس کے بعد محکمہ نے ان کی مرمت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی اور بالآخر مقامی نوجوان خود اس کام کیلئے مجبور ہوئے ۔ ان نوجوانوں کو کھمبے پر چڑھنے کیلئے کوئی سیڑھی بھی نہیں ملی اور انہوںنے خود ہی راستہ ڈھونڈتے ہوئے ایک دوسرے کے کندھوںپر سوار ہوکر بجلی کی لائنوں کی مرمت کاکام انجام دیا ۔مقامی لوگ نوجوانوں کے اس کھیل پرپریشان ہیں اور ان کاکہناہے کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر بجلی کی ترسیلی لائنوں کی مرمت کے وقت کوئی حادثہ رونما ہوجائے تواس کا ذمہ دار کون ہوگا۔ان کاکہناہے کہ اس سے قبل بھی کئی بار محکمہ بجلی کے ملازمین اور عام لوگ لائنیں ٹھیک کرتے وقت اپنی قیمتی جانیں گنواچکے ہیں یا معذوربن گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ علاقے میں ترسیلی لائنوں کی طرف کوئی دھیان نہیں دیاجارہا جس وجہ سے نوجوانوں کو اپنی زندگی جوکھم میں ڈالناپڑتی ہے ۔مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ محکمہ کے اہلکار صرف کرایہ وصول کرناجانتے ہیں اورانہیں بجلی سپلائی کی کوئی پرواہ نہیں ۔انہوںنے بجلی آفیسران سے اپیل کی ہے کہ ملازمین کی لاپرواہی کا سنجیدہ نوٹس لیاجائے کیونکہ اس سے کسی کی قیمتی جان بھی جاسکتی ہے ۔