مینڈھر //ممبراسمبلی مینڈھر و نیشنل کانفرنس لیڈر جاوید احمد رانا نے سرحدی کشیدگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت خاموشی کے بجائے فوری اقدامات کرے تاکہ لوگوں کی جان و مال کو تحفظ مل سکے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ حالیہ کچھ ماہ سے حالات بہت خراب ہیں اور جنگ بندی معاہدے کی دھجیاں بکھیر دی گئی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ صورتحال الارمنگ ہے جس پر حکومت کو خاموش نہیں بیٹھناچاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جس دن لوگوں کو محصور نہ ہوناپڑا اور فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات رونما نہ ہوں ۔رانا نے کہاکہ روزانہ شہری اور فوجی ہلاکتیں ہورہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت فوری طور پر مداخلت کرکے حالات کو قابو کرنے کیلئے اقدامات کرے اور کشیدگی کو ختم کیاجائے تاہم بدقسمتی سے حکومت کہیں زمینی سطح پر نظر ہی نہیں آرہی ۔ان کاکہناتھاکہ ایک طرف وزیر اعظم نریندر مودی ڈیجیٹل انڈیا کے نعرے دے رہے ہیں اور دوسری طر ف سرحدوں پر لوگ مارے جارہے ہیں ۔انہوںنے مرکزی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس کی خاموشی بھی قابل مذمت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کے درد کا علاج ڈھونڈنے کے بجائے خاموشی اختیار کرلی گئی ہے ۔انہوںنے سرحدی مکینوں کیلئے کوئی سہولت نہیں اور وہ بے یارو مددگار ہیں ۔