سرنکوٹ//ایس ڈی ایم سرنکوٹ ڈاکٹر بشارت حسین نے تحصیلدار سرنکوٹ روہت شرما اور دیگر افسران کے ہمراہ مرزا موڑ کے نزدیک فضل آباد پل اور آس پاس کے علاقوں کادورہ کرکے مقامی لوگوںسے تبادلہ خیال کیا ۔اس موقعہ پر لوگوں نے بتایاکہ ان کے مسائل حل کئے جائیں اور انہیں سیلاب سے تحفظ دیاجائے ۔ اس علاقے میں انتظامیہ کی طرف سے ایک کریٹ باندھ تعمیر کرنے کا پرپوزل تیار کیاگیاہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ تین سال قبل آئے سیلاب کے دوران اس علاقہ میں کافی تباہی ہوئی تھی جس کے بعد باندھ تعمیر کرنے کی مانگ بڑھ رہی ہے ۔ لوگوں نے پچھلے ماہ کی انتیس تاریخ کو ڈپٹی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر کے دور ہ سرنکوٹ کے دوران بھی اس بات کی مانگ کی تھی کہ حفاظتی باندھ تعمیر کئے جائیں تاکہ ان کی زمینیں بچ سکیں اور جانیں بھی محفوظ رہ سکیں ۔اسی روز ڈپٹی کمشنر نے ایس ڈی ایم اور دیگر افسران کو ہدایت دی تھی کہ وہ موقعہ پر جاکر جائزہ لیں اور رپورٹ پیش کریں تاکہ حکومت سے بات کرکے اس مسئلے کا حل نکالاجائے ۔ڈپٹی کمشنر کی اسی ہدایت پر ایس ڈی ایم نے متعلقہ حکام کے ساتھ دورہ کیا اور صورتحال کا خود جائزہ لیا ۔