راجوری //پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے ضلع انتظامیہ راجوری کو عوام کو بہتر بنیادی خدمات بہم پہنچانے اور پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ کالا کوٹ اور چنگس میں عوام اور افسروں کے ساتھ طلب میٹنگوں میں وزیر نے عوام کو درپیش کئی مشکلات سے آگاہی حاصل کر کے اُن کے ازالہ کے احکامات جاری کئے۔اس موقعہ پر جاری مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا گیا۔منریگا کے تحت واجب الادا رقومات کے حوالے سے بتایا گیا کہ کالا کوٹ بلاک کو4.10 کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ منریگا کے تحت پیہم بنیادی ڈھانچہ کے قیام کو یقینی بنایا جانا چاہئے جبکہ ترجیحی بنیادوں پر دور دراز کے علاقوں میں چھوٹے پُل اور کلورٹس تعمیر کئے جانے چاہئیں۔وزیر نے افسران کو عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کو یقینی بنانے کے احکامات دیئے۔وزیر موصوف نے بتایا کہ علاقہ میں بجلی سپلائی میں معقولیت لانے کے لئے انہوں نے اپنے سی ڈی ایف میں سے1.36 کروڑ روپے فراہم کئے ہیں۔ وزیر نے سکولوں میں عملے کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایجوکیشن افسر کو تمام سکولوں میںساتذہ کو تعینات کرنے کے احکامات دیئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مذکورہ علاقوں میں اعلیٰ معیاری میوہ پودوں کی شجکاری کی بھی ہدایت دی۔وزیر نے لائین آف کنٹرول پر شیلنگ سے متاثرہ افراد کی باز آباد کاری کے لئے ضلع انتظامیہ کی سراہنا کی۔ اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے میٹنگ میں بتایا کہ انتظامیہ نے گذشتہ ایک ماہ کے دوران ضلع بھر میں 120 ریونیو اور میڈیکل کیمپ منعقد کرنے کے علاوہ مختلف نوعیت کی15 ہزار سرٹیفکیٹ بھی جاری کیں۔ انہوں نے مزید باتا کہ ضلع میں تعمیر پروجیکٹ کے تحت100 سکولی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔میٹنگ میں مختلف محکموں کے سنیئر افسران نے بھی شرکت کی۔