پونچھ//ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح ریاست جموں و کشمیر میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب وستارک مہم کے دوران عوام کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے روشناس کیاگیا ۔اسی سلسلہ میں خطہ پیر پنچال میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈران اور کارکنان نے دونوں اضلاع میں اس مہم کے دوران گائوں گائوں شہر شہر پہنچ کر بھارتیہ جنتا پارٹی کی کار کردگیوں اور ملک میں چلائی جارہی مختلف اسکیموں سے لوگوں کو روشناس کیا۔ مہم کے اختتام کے بعد ایم ایل سی پردیپ شرما کی قیادت میں ڈاک بنگلہ پونچھ میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ضلع پونچھ کی تمام تحصیلوں کے لیڈران اور کارکنان نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے وستارک یوجنا کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس مہم کو کامیاب ترین مہم قرار دیا۔اپنے صدارتی خطاب میں ایم ایل سی پردیپ شرما نے کہا کہ خطہ پیر پنچال میں جس طرح بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان نے وستارک یو جنا کے دوران کام کیا اس کے لئے وہ ان تمام کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا خصوصی طور پر ضلع پونچھ کے تمام کارکنان اس مہم کی کامیابی کے لئے مبارک بادی کے مستحق ہیں۔اس اجلاس کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی سکریٹری سنیل گپتا نے بھی خطاب کیا۔