درہال//درہال سے بڑی درہال کھوڑی کو جانے والی سڑک نالے کی شکل اختیار کرگئی ہے جس کی مرمت اب ٹاٹا میجک مالکان نے خود کرنی شروع کی ہے ۔درہال تحصیل کے اکثر سڑک رابطے اسی قدر خستہ ہیں جن پر پیدل چلنا بھی ممکن نہیں ۔درہال بس اسٹینڈ سے بڑی درہال اور کھوڑی جانے والے ٹاٹا میجک ڈرائیوروں نے کئی بار انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات عامہ سے روڈ کی مرمت کا مطالبہ کیا تاہم کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ گذشتہ روز تمام ڈرائیوروں نے خود ہی روڈ کی مرمت کی ۔اعجاز احمد مرزانامی ڈرائیور کاکہناتھاکہ بے روزگاری سے ستائے ہوئے نوجوان بنکوں سے قرضہ لیکر گاڑیاں خریدرہے ہیں تاکہ دووقت کی روٹی کا بندوبست کیا جاسکے تاہم روڈ اس قدر خستہ ہے کہ آئے روز گاڑیوں کا نقصان ہوجاتا ہے جو گاڑی مالکان کے لئے درد سر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجبوراً سڑک کی مرمت کا کام خود کرنا پڑرہا ہے تاکہ گاڑیاں نقصان سے بچ سکیں اور مسافربھی آرام سے اپنے اپنے مقامات پر پہنچ پائیں ۔ انہوں نے کہا کہ درہال ضلع راجوری کا واحد قصبہ ہے جہاں پر 90فیصدی سڑک رابطے مکمل خستہ ہیں جن کی مرمت پرکوئی بھی دھیان نہیں دیاجارہا۔ انہوں نے کہا کہ درہال بدھل کو اس بار جو نمائندگی ملی ہے، اس سے قبل نہیں تھی لیکن عوام کی بدقسمتی کا عالم یہ ہے کہ متعلقہ ایم ایل اے پچھلے تین سال میں ایک دو بار ہی علاقے میں تشریف لائے ہیںجس کے بعد صرف انہیں اخبارات میں ہی دیکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کی آس اور امید ضلع ترقیاتی کمشنر شاہد اقبال پر ہے جو نہایت ہی خوش اسلوبی سے عوام کی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔