راجوری //بجلی کی عدم دستیابی پر نوشہرہ کے راجل تھل علاقے کے لوگوں نے محکمہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس دوران جموں پونچھ شاہراہ صبح کے اوقات میں ٹریفک کیلئے بند رہی ۔مظاہرین نے محکمہ بجلی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ان کے گائوں میں نصب شدہ بجلی ٹرانسفارمر کئی دنوںسے خراب پڑاہے تاہم محکمہ نے اس کو ٹھیک کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی جس کی وجہ سے وہ گرمی کے ان دنوں میں شدید مشکلات کاسامناکررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ علاقے میں بجلی سپلائی بحال کرنے میں محکمہ ناکام ثابت ہواہے اور صرف یقین دہانیاں دی جارہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔مظاہرین نے جموں پونچھ شاہراہ کو بھی بند کردیا ۔ احتجاج کی خبر ملنے پر ایس ڈی ایم نوشہرہ اور دیگر افسران موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے مظاہرین کو بجلی سپلائی بحال کرنے کا یقین دلاکر احتجاج ختم کرایا۔وہیں سڑک بند رہنے کی وجہ سے درماندہ رہنے والے مسافروں نے شدید غم وغصہ کا اظہار کیا اور کہاکہ اس طرح سے شاہراہ کو بند نہیں کرناچاہئے تھا۔مسافروں کاکہناتھاکہ انہیں اپنی اپنی منزل پر پہنچناتھا لیکن انہیں احتجاج کی وجہ سے تاخیر ہوئی ۔ انہوںنے کہاکہ احتجاج کے دوران ضروری خدمات کا سلسلہ جاری رہناچاہئے ۔