منڈی//بڈھا امر ناتھ یاترا کے دوسرے قافلے نے پیر کو بڈھا امر ناتھ منڈی میں حاضری دی۔ اس موقعہ پر بڈھا امر ناتھ کمیٹی نے 590یاتریوں پر مشتمل قافلے کا مندر منڈی میں استقبال کیا۔اس دوران وائس چیئر مین کسان بورڈ دل جیت سنگھ چب اور ممبر اسمبلی رام نگر آر ایس پٹھانیہ نے بھی بڈھا امر ناتھ میں اپنی عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ بڈھا امر ناتھ یاترا کو بیرون ریاست سے آئے ہوئے لوگوں نے یاترا کے حوالے سے ضلع انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دور دراز سے آئے ہوئے یاتریوں کے لئے بہتر انتظامات کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پونچھ سے لے کر بڈھا امر ناتھ مندر تک جس جوش و خروش سے ان کا مقامی لوگوں نے استقبال کیا ،وہ قابل تعریف ہے اور یہ جذبہ یہاں کے علاوہ کہیں بھی دیکھا نہیں گیا۔ اس موقعہ پر فوج اور پولیس کی طرف سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ یاترا کے منڈی میں آنے جانے کے دوران حفاظتی دستوں کی جانب سے ڈرون کیمروں سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔