سرنکوٹ//سرنکوٹ میں پچھلے چار روز سے جاری بارشوں کے نتیجہ میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے جس وجہ سے فصلیں تباہ ہوئی ہیں جبکہ پسیاں اور پتھر گرآنے سے کئی سڑک روابط اور راستے بند ہوگئے ہیں ۔سب سے زیادہ نقصان ہاڑی مرہوٹ علاقے میں ہواہے جہاں دریا نے سیلابی صورتحال اختیار کرلی اور پسیاں گرآنے سے لوگوں کی زمینیں تباہ ہوگئیں ۔اس دوران مکی اور دھان کی فصلوں کو زبردست نقصان پہنچاہے جبکہ لوگوں کی کئی کنال اراضی بھی سیلاب میں بہہ گئی ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے کروائے گئے کام بھی سیلاب اور پسیوں کی نذر ہوگئے ہیں جن کی وجہ سے اہم راستے بند ہوگئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ یہاں محکمہ کی طرف سے کچھ اچھے کام ہوئے تھے جو سب تباہ ہوچکے ہیں ۔وہیںمرہوٹ سڑک بھی ایک جگہ سے ٹوٹ چکی ہے اور کئی مقامات پر پسی گر آنے سے راستے بند ہو گئے ہیں۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ فصلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں اور کئی مقامات پر پھل دار درختوں اور میوہ جات کو بھی نقصان پہنچاہے ۔سرنکوٹ کے لوگوں نے محکمہ فلڈ کنٹرول کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس سے قبل بھی انہیں اس موسم میں نقصان سے دوچار ہوناپڑاہے ،انہوںنے کئی مرتبہ محکمہ سے گزارش کی کہ ان کی اراضی کو تحفظ دیاجائے لیکن کوئی اقدام نہیں کیاگیا اور نتیجہ کے طور پر اس سال پھر سے تباہی ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ خاموشی سے تماشادیکھ رہاہے اور ان کابڑے پیمانے پر نقصان ہورہاہے ۔متاثرین نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ نقصانات کا تخمینہ لگاکر انہیںمعاوضہ فراہم کیاجائے ۔