پونچھ//بڈھا امرناتھ یاترا کا سلسلہ جاری ہے ۔اس سلسلہ کے ساتویں روز سینکڑوں یاتریوں پر مشتمل قافلہ پونچھ ڈگری کالج میں وارد ہوا جہاں پر پہلے سے موجود پونچھ کی مختلف ہندو تنظیموں کے عہدیداران اور سیاسی و سماجی کارکنان نے تمام یاتریوں کا پھولوں کے ہار پہنا کر والہانہ استقبال کیا۔اس دوران حب الوطنی کے گیتوں پر ایک گھنٹہ تک یاتریوں اور مقامی لوگوں جن میں زن و مرد، بزرگ اور بچے سبھی شامل تھے، نے ناچ کیا۔باہر سے آئے ہوئے یاتریوں نے کہا کہ انہیں نہایت مسرت ہورہی ہے کہ وہ دنیا کی خوبصورت وادیوں میں بسے اپنے دیوتائوں کے مبارک آستانوں کے دیدار کر رہے ہیں۔بجرنگ دل کے ضلع صدر پونچھ نیشو گپتا نے اس دوران خطاب کرتے ہوئے پونچھ کی تمام عوام کا شکریہ ادا کیا جو بڈھا امرناتھ یاترا کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندو ہی نہیںبلکہ مسلم، سکھ عیسائی سبھی پونچھ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس یاترا کو کامیاب بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تک 60ہزار سے زائد یاتریوں نے بڈھا امرناتھ چٹانی بابا کے درشن کئے ہیں اور ابھی مزید لوگوں کے آنے کی توقعات کی جا رہی ہیں۔انہوں نے تمام عوام سے پانچ اگست کو دشنامی اکھاڑا سے منڈی بڈھا امرناتھ کے لئے نکالی جارہی چھڑی یاترا میں شامل ہو کر اس یاترا کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ یاتریوں کا استقبال کرنے والوں میں ممبراسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے ، ایم ایل سی یشپال شرما اور دیگر سیاسی و سماجی کارکنان بھی شامل تھے ۔دریں اثناء نوشہرہ پہنچنے پر یاتریوں کا وہاں کے لوگوں کی طرف سے والہانہ استقبال کیاگیا۔اس دوران یاترا میں شامل لوگوں کیلئے کھانے پینے کا انتظام بھی رکھاگیاتھا ۔ انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے مقامی لوگوں نے ان کے تئیں نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔اس قافلے میں بیرون ریاست سے بڑی تعداد میں یاتری شامل تھے جو اٹھائیس گاڑیوں میں سوار ہوکر آئے ۔