پونچھ // ڈگری کالج سرنکوٹ میں کشمیری زبان پڑھانے کیلئے اسامی کا اعلان کرنے کا کشمیری ادب پونچھ نامی تنظیم نے خیر مقدم کیاہے ۔تنظیم کے رکن عشرت بٹ نے کہا کہ ضلع پونچھ میںکشمیر ی زبان بولنے اور پڑھنے والوںکی بڑی تعداد ہے لیکن چونکہ یہاں کے اسکولوں میں یہ زبان سکھائی اور پڑھائی نہیںجاتی اس لئے لوگ چاہتے ہوئے بھی اس زبان سے دور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل منڈی کے لورن، ساوجیاں، صدر مقام منڈی اوربائلہ ایسے علاقے ہیں جن میں اسی فیصد تک لوگ کشمیری زبان بولتے ہیں اور اس زبان میں تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ منڈی کے ساوجیاں، لورن اور دیگر ہائر سکنڈری اسکولوں میں کشمیری زبان پڑھانے والے اساتذہ تعینات کے جائیں۔کشمیری ادب پونچھ کے صدر احتشام بٹ نے کہا کہ وہ جہاں ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں وہیں وہ شہباز راجوروی اور فدا راجوروی کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے کشمیری زبان کو فروغ دینے اور خطہ پیر پنچال میں اس زبان کو رائج رکھنے کے سلسلہ میں انتھک محنت کی ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پونچھ ضلع کے دوسرے علاقوں کے ساتھ ساتھ منڈی، ساوجیاں اور لورن کے ہائر سکنڈری سکولوں میں کشمیری زبان کے بڑھانے والے ماہر اساتذہ کو تعینات کر کے کشمیری پڑھانے کاسلسلہ جلد از جلدشروع کیا جائے۔