پونچھ//پورے ملک کی طرح پونچھ میں بھی رکشا بندھن کا تہوار بڑے ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس دوران جہاں اہل ہنود نے صبح سویرے مندورں میں جا کر پوجا ارچنا کی وہیں بہنوں نے اپنے بھائیوں کی آرتی اتارنے کے بعد ان کے ہاتھوں پر راکھیاں باندھی اور ان سے عہد و پیما ں کئے کہ وہ ان کی حفاظت کریں گے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کی خواتین کارکنان اور سینئر لیڈران نے ایم ایل سی پردیب شرما کی قیادت میں 93انفینٹری برگیڈ میں پہنچ کر وہاں فوجیوں کے ساتھ رکشا بندھن کا تہوار منایا ۔خواتین نے فوجیوں کی کلائیوں پر کچے دھاگے باندھ کر انہیں اس بات کا احساس دلایا کہ ان کی بہنیں ان کے ساتھ اگر نہیں ہیں تو یہ بہنیں ان کے ساتھ ہیں۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے93انفینٹری برگیڈ کے ڈپٹی کمانڈنٹ نے تمام خواتین اور پردیپ شرما کا شکریہ ا دا کیا کہ انہوں نے یہ تہوار فوجیوں کے ساتھ منا کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔پردیپ شرما نے کہا کہ فوجی پورے ملک کی سرحدوں پر جاگتے ہیں جس وجہ سے عوام آرام سے سو پاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کرنے والے ان بہادروں کو سلام کرنا اور ان کے ساتھ خوشیاں بانٹنا تمام ہندوستانیوں کا فرض ہے۔انہوں نے تمام لوگوں کو رکشا بندھن کی مبارک باد دی۔ادھر دیگوار کی تنظیم شری چندر اُتم یوگا اویرنس مشن کی جانب سے بھی رکشا بندھن کا تہوار پر رُدراکش کے درخت کو راکھی باندھ کر عوام کو پیغام دیا گیاکہ وہ سبز سونے کی حفاظت کریں۔