مینڈھر//اگرچہ مرکزی حکومت نے پردھان منتری آواس یوجنا سکیم کے تحت بے گھر افراد کیلئے پکے مکانات کی تعمیر کاکام شروع کیاہے اور اس سلسلے میں ریاست میں بھی کام ہورہاہے لیکن ابھی تک کئی ایسے مستحق کنبے ہیں جن کو اس سکیم سے فائدہ نہیں دیاجارہا۔2011میں ہوئے سروے میں کئی کنبوں کے نام شامل نہیں جن کے پاس گھر نہیںیاپھر ان کے گھروں کی حالت خستہ ہے ۔اب یہ لوگ اس سکیم سے فائدہ حاصل کرنے کیلئے دربدر گھوم رہے ہیں لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ مینڈھر کے سلواہ علاقے سے تعلق رکھنے والا محمد رزاق ولد راج محمد جسمانی طور پر ناخیز ہے اوراس کے پاس اپنا مکان بھی نہیں ۔وہ ایک غریب شخص ہے جس کے مطابق اسے حکام کی طرف سے مکان کی تعمیر کیلئے رقومات دینے کا وعدہ دینے کے بعد اب اس سے انکار کردیاگیاہے ۔ رزاق کاکہناہے کہ اسے مقامی ممبراسمبلی جاوید رانا نے لکھ کر دیاکہ اسے پردھان منتری آواس یوجنا سکیم کے تحت ڈیڑھ لاکھ روپے کی رقم دلائی جائے گی جس کیلئے اس نے فائل بھی تیار کرائی اور اسے بلاک ڈیولپمنٹ افسر مینڈھر کے دفتر میں جمع کرایا۔اس نے بتایاکہ اس دوران بلاک سے تین افراد پر مشتمل ایک ٹیم اس کے گھر گئی جس نے تصاویر وغیرہ بنائیں اور اسے مکان تعمیر کرنے کیلئے کہا گیا۔رزاق کاکہناہے کہ اس کے بعد اس نے لوگوںسے پیسے ادھار لیکر مکان تعمیر کرنا شروع کیا اور دیواروں تک کا کام مکمل بھی کرلیا جس کے بعد وہ بی ڈی او مینڈھر کے پاس آیا جنہوںنے تب بتایاکہ اس کانام سروے لسٹ میں نہیں ہے لہٰذا اسے مکان کی تعمیر کیلئے رقم نہیں دی جاسکتی ہے ۔اس جسمانی طور ناخیز شخص کاکہناہے کہ جب وہ متعلقہ سیکر یٹری محمد بشیرکے پاس گیا تو اس نے کا غذ ات اس کے منہ پر ماردیئے اور کہا کہ جہا ں جا ناہے جاﺅ،ان کے پاس اس کیلئے کچھ نہیں ہے ۔رزاق کاکہناہے کہ اگر محکمہ اسے سکیم سے فائدہ نہیں دے سکتاتوپھر اسے مکان تعمیر کرنے کیلئے کیوں کہاگیا۔اس کاکہناہے کہ اس نے لوگوں سے ادھار لیاہے جو اب کیسے واپس کرے گااور کس طرح سے مکان کو مکمل کرے گا۔اس نے الزام لگایاکہ اس سکیم سے انہی لوگوں کو فائدہ دیاجارہاہے جو ملازمین کو کمیشن دیتے ہیں اور مستفدین کیلئے یہ نہیں دیکھاجاتاکہ واقعی وہ بے گھر ہے یا نہیں بلکہ کچھ ایسے لوگوں کے نام بھی سکیم میں شامل رکھے گئے ہیں جن کے پاس پکے مکانات ہیں ۔رزاق نے انتباہ دیاکہ اگر اس کے ساتھ انصاف نہیں کیاگیاتو وہ بھوک ہڑتال کرے گا کیونکہ اب اس کے پاس اس کے سوا کوئی دوسر اچارہ نہیں رہ گیا۔اس کاکہناہے کہ اگر یہ سکیم اس جیسے جسمانی طور ناخیز شخص کیلئے نہیں توپھر اسے کس خاطر شروع کیاگیاہے ۔رابطہ کرنے پر اے سی ڈی پونچھ نے بتایاکہ وہ پیسہ صرف انہی لوگوں کو مل سکتاہے جن کا نام فہرست میں شامل ہے ۔تاہم انہوںنے کہاکہ جو مستحق لوگ رہ گئے ہیں ان کے نام نئی فہرست میں شامل کرکے دہلی روانہ کئے جائیںگے جہاںسے منظوری ملے گی ۔ اے سی ڈی کاکہناتھاکہ اس شخص کو اگر ایم ایل اے موصوف نے مکان تعمیر کرنے کیلئے کہاہے تو پیسے بھی انہیں ہی دینے چاہئیں۔