پونچھ//وزیر برائے باغبانی سید بشارت احمد بخاری جو کہ ضلع ترقیاتی بورڈ پونچھ کے چیئرمین بھی ہیں، نے ضلع ترقیاتی بورڈ پونچھ کے لئے منظور شدہ ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ ایک میٹنگ کے دوران لیا۔وزیر نے بورڈ میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری کا بھی جائیزہ لیا۔میٹنگ میں ایم ایل اے پونچھ شاہ محمد تانترے، ایم ایل اے سرنکوٹ چودھری محمد اکرم، ایم ایل اے مینڈھر جاوید احمد رانا،یم ایل سی ڈاکٹر شہناز گنائی، ایم ایل سی پردیپ شرما، ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق زرگر، ایس ایس پی پونچھ راجیو کمار پانڈے، چیف انجینئرز و دیگر افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے آغاز پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں پر عمل آوری کے بارے میں ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ منظور شدہ بجٹ کے18482.88 لاکھ روپے مختص کرنے اور5329.46 لاکھ کی واگذاری کے مقابلہ میں4039.50 لاکھ جولائی2017 کے آخر تک مختلف ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے گئے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ایم جی نریگا اور تعلیمی سیکٹر کے تحت واگذار کئے گئے فنڈس میں سے ضلع میں بالترتیب90 فیصد اور70 فیصد خرچے عمل میں لائے گئے۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ بورڈ میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں کو سختی سے عملی جامہ پہنائیں۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کو مرتب کرتے ہوئے مقامی ممبران قا نون سازیہ ارکان کی آراء کو ملحوظ نظر رکھیں۔وزیر نے ترقیاتی کاموں میں معیاری مواد کے استعمال پر زور دیا اور رقومات کو منصفانہ طور بروئے کار لانے کی ہدایت دی۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ رابطہ سڑکوں کی بہتری ، پینے کے پانی اور بجلی کی فراہمی ، تعلیم اور طبی سہولیات کو ضلع بھر میں یقینی بنائیں۔اس موقعہ پر چیئرمین نے وزیر جنگلات چودھری لال سنگھ کو پی ایم جی ایس وائی پروجیکٹوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور مکمل تعاون دینے کے لئے شکریہ ادا کیا۔