کوٹرنکہ// کوٹرنکہ سے کھاہ جمولہ 12 کلو میٹر سڑک پچھلے کئی سال سے زیر تعمیر ہے۔ یہ سڑک 9 پنچایتوںکی عوام کیلئے ایک رابطہ سڑک رکھتی ہے اوراس سے حبی، سوڑی، جمولہ A ، جمولہ B ،کھاہ نمبر ایک،کھاہ نمبر دو،جمولا اپر، جمولہ لوہر، کنتھول علاقو ں کو فائدہ ہوسکتاہے تاہم حکام کی عدم توجہی کے باعث اس کی تکمیل نہیں ہوپائی ۔سڑک کا ایک حصہ کوٹرنکہ کنڈی سے سوڑی تک ہے جو5 پانچ کلومیٹر پر مشتمل ہے ،اس حصے کی تعمیر محکمہ تعمیرات عامہ کررہاہے جس نے آج سے کئیسال پہلے تارکول بچھایا مگر چند دنوں بعد ہی تارکول اکھڑ گیااورتب سے آج تک محکمہ نے کبھی اس کی طرف مڑ کرنہیں دیکھا ۔دوسرا سات کلو میٹر کا حصہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے پاس ہے مگر13 سال سے اس کاکام ہی چل رہاہے اور مقامی آبادی کے مطابق اب تک صرف چالیس فیصدکام ہی ہوسکاہے ۔مقامی شہری صدام حسین نے کاکہناہے کہ محکمہ والے جان بوجھ کر لوگوں کو پریشان کررہے ہیںاور جگہ جگہ اس پر کھڈے پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اس پر سفر بھی نہیں ہوپارہا۔انہوںنے کہاکہ اس قدر لاپرواہی برتی جارہی ہے کہ جس کا کوئی حساب نہیں ۔ایک اور شہری الطاف حسین کاکہناہے کہ انہوںنے کئی بار اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے بات بھی لیکن وہ صرف زبانی یقین دہانیاں دیتے ہیں اور عملی سطح پر کوئی کام نہیں ہورہا۔انہوںنے کہاکہ سڑک کافائدہ بہت بڑ ی آبادی کو ہوتالیکن بدقسمتی سے اس کی تعمیر نہیں کی جارہی اوراسے اس قابل بھی نہیں بنایاجاسکاکہ گاڑیاں چل سکیں۔انہوںنے بتایاکہ آٹھ سال پہلے اس سڑک کا کام شروع ہوا تھا جو آج تک پایہ تکمیل کو نہیں پہنچ پایااور لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ان کاکہناہے کہ جب ان سڑکوں پروزراء کاکبھی دورہ ہوتومحکمہ والے مٹی ڈال کر سڑک کی حالت بہتر کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے کچھ عرصہ لوگوں کو راحت مل تو جاتی ہے لیکن صرف چند دن پھر وہی حالت اوروہی کیچڑ ووہی کھڈے بن جاتے ہیں۔ایک سرکاری ٹیچر نے بتایاکہ انہیں راجوری سے سکول آتے اور جاتے دس سے پندرہ کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرناپڑتاہے اور وہ وقت پر سکول بھی نہیںپہنچ پاتے ۔انہوںنے کہاکہ سڑک کی حالت اس قدر خراب ہوگئی ہے کہ اس پر مقامی گاڑی مالکان نے گاڑی چلانا ہی بند کردیاہے ۔وہیں گاڑی مالکان جاویداور پروین سنگھ کاکہناہے کہ وہ تب تک گاڑی نہیں چلائیںگے جب تک کہ سڑک نہ بن جائے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ حکومت اور محکمہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سڑک تعمیر کرے ۔رابطہ کرنے پر ایس ڈی ایم کوٹرنکہ گوپال سنگھ نے کہاکہ وہ متعلقہ افسران سے بات کرکے سڑک کی حالت ٹھیک کروائیںگے ۔