منڈی//تحصیل کمپلیکس منڈی میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے تحصیل افسران اور منڈی کے معززین کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت تحصیلدار منڈی عبدالقیوم نے کی۔میٹنگ میں تحصیلدار نے تمام انجمنوں کے صدور سے محرم الحرام میں ضروریات کے حوالے سے دریافت کیا اور یقین دلایاکہ انتظامیہ تمام تر انتظامات کو مکمل کر دے گی تاکہ ان متبرک ایام میں عزاداروں کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے مزید کہا کہ انہیں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی طرف سے ہدایات مل چکی ہیں کہ وہ محرم کے دنوں عوام کے لئے بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے تمام تحصیل افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان دنوں صاف پینے کا پانی، رسوئی گیس ،بجلی ،راشن اور بالن کا خاص انتظام کریں ۔بیوپار منڈل منڈی کے صدر شمیم احمد گنائی نے منڈی بازار میں سٹریٹ لائٹس کا انتظام کرنے اورآبادی والے علاقوں میں پانی، بجلی ،راشن، رسوئی گیس اور بالن کی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیاتاکہ عزاداروں کو کوئی مشکل پیش نہ آئے ۔ انجمن گلشن حسینی پلیرہ کے صدر اصغر علی میر نے کہا کہ پلیرہ میں محرم کے دنوں بجلی اور صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور بجلی کی کٹوتی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پلیرہ میں بجلی کی ترسیلی لائنیں اور پول امام بارگاہ کے ارد گرد نصب کئے جائیں۔ انجمن تنظم المومنین کے نائب صدر شبیہ الحسن نے کہا کہ سات محرم اور دس محرم کوبرآمد ہونے والے جلسوں کے دوران ٹریفک کو بند رکھا جائے اورحفاظتی انتظامات کو یقینی بنایاجائے ۔میٹنگ میں ڈاکٹر غلام عباس، عبدالاحد بٹ ،فاروق خان، شکیل پرے، ماسٹر اکبر علی انصاری وغیرہ بھی موجودتھے ۔