مینڈھر//شعبہ اردو اور این ایس ایس یونٹ گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کے باہمی اشتراک سے غزل گائیکی کے پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر شاعر ،گلوکار و فنکارپرویز احمد ملک مہمان خصوصی تھے جبکہ پروگرام کی صدارت کے فرائض کالج کے پرنسپل پروفیسر سید شبیر حسین شاہ نے انجام دی ۔پروگرام کا آغاز حمد و نعت سے ہوا۔پرویز احمد ملک نے نہ صرف اپنی شاعری سے سامعین کو محظوظ کیا بلکہ غزل گائیکی کے حوالہ سے بھی اپنے بہترین فن کا مظاہرکیا اور سامعین کے دل موہ لیا۔انہوں نے سیف الملوک کے علاوہ گوجری اور پہاڑی کلام بھی پیش کیا۔ اس سے پہلے کالج کے طلبہ اور طالبات نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ڈاکٹر امحمد لطیف میر نے بھی اپنے استقبالیہ میں کہا کہ شاعر اور فنکار قوم کا سرمایہ ہوتا ہے اور قوم کو اس سرمایہ کی قدر کرنی چاہیے۔اپنے خطاب میں پروفیسر شبیر حسین شاہ نے پرویز احمد ملک کو خوبصورت پروگرام پیش کرنے پر مبارک باد پیش کی اور کہاکہ اس طرح کی محفلوں سے طلباء میں ادبی ذوق پیدا ہوتا ہے اور ان کو اپنی علمی اور ادبی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کا موقعہ میسر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ادب ہی ایک مہذب اور متوازن سماج کو وجود بخش سکتا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اردو زبان میں مہارت پیدا کریں چونکہ ادب کی تفہیم میں زبان بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ اس پروگرام میں طلبہ اور طالبات کے علاوہ کالج عملہ اور غیر تدریسی عملے نے بھی شرکت کی۔نظامت کے فرائض سیکریٹری اسٹاف کونسل پروفیسر محمد اکرم نے انجام دیئے ۔