راجوری //ضلع پولیس نے ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے پر 26گاڑیوں کو ضبط کرلیا جبکہ ایک ڈرائیورپر پولیس اہلکار کو ٹکر مارنے پر کیس درج کیاہے ۔ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی ہدایت پر ایڈیشنل ایس پی راجوری محمد یوسف اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر جسونت سنگھ و ایس ایچ او اجے چب نے سلانی ، کھانڈلی اور راجوری ہسپتال کے قریب و دیگر مقامات پر ناکہ لگارکھے تھے جس دوران گاڑیوں کوروک کر ان کے کاغذات چیک کئے گئے ۔ اس بیچ چھبیس گاڑیوں کو ضبط کیاگیا جن کے پاس یاتو روٹ پرمٹ نہیں تھے یاپھر وہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کررہی تھیں۔اس کے علاوہ سولہ گاڑیاں کا چالان بھی کیاگیا۔پولیس نے آٹو رکھشا کے ایک ڈرائیور کے خلاف کیس درج کیاہے جس پر الزام ہے کہ اس نے وہاں کھڑے اہلکار کو ٹکر مارنے کی کوشش کی ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ آٹو زیر نمبرJK11 2793کے ڈرائیور نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اور ان کے محافظ کواس وقت ٹکر مارنے کی کوشش کی جب انہوںنے اسے روکنے کی کوشش کی ۔اس دوران پولیس اہلکار کو معمولی چوٹ آئی تاہم اس نے چھلانگ لگاکر اپنی جان بچالی ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ راجوری میں ایف آئی آر زیر نمبر 419/2017زیر دفعات 332, 336, 353کاکیس درج کرکے گاڑی ضبط کرلی ہے ۔