راجوری /پونچھ //راجوری پونچھ میں ہندو برادری کی طرف سے دسہرا کاتہوارعقیدت و احترام سے منایاگیا۔اس دوران دونوں اضلاع میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔راجوری میں دسہرا گرائونڈ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔اس سے قبل سناتم دھرم سبھا سے ایک جھانکی نکالی گئی جو مین بازار سے ہوتے ہوئے دسہرا گرائونڈ میں ختم ہوئی جہاں راون کا پتلا نذر آتش کیاگیا ۔پونچھ میں بھی اسی طرح کی ایک تقریب منعقد ہوئی ۔ اس حوالہ سے گیتا بھون مندر پونچھ میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعدا دمیںلوگوں نے شرکت کرکے سیتا کی ارچنا کی اوربعد میں ایک ریلی گیتا بھون مندر سے نکالی گئی جو پونچھ کے بازار سے ہوتے ہوئے قلعہ بازار، بس اڈہ، ناکھاں والی سڑک سے ہوتے ہوئے سپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں اختتام پزیر ہوئی جہاں راون کا پتلا نذر آتش کیاگیا۔ اس موقعہ پر انتظامیہ کی طرف سے ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر عبدالحمید، اے ڈی سی ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی، ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر پونچھ شاہد نعیم اور دیگر کئی ضلع افسران وممبر قانون ساز کونسل پردیپ شرما، سناتھن دھرم سبھا کے صدر ستیش ساسن، نیشو گپتا اور امت گپتا وغیرہ بھی موجو دتھے ۔اس دوران دونوں جگہوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔مینڈھر میں بھی سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ دسہرے کی جھانکی نکالی گئی جس میں ہندو برادری کے علاوہ مسلمانوں نے بھی شرکت کی ۔یہ جھانکی ہنومان مندر سے نکالی گئی اور مینڈھر قصبہ کے مختلف حصوں سے ہوتی ہوئی واپس ہنومان مندر پہنچی ۔ اس سے قبل کئی جگہوں پر سٹال بھی لگائے گئے ۔اس موقعہ پر کانگریس لیڈرچوہدری ظفر اللہ آزاد ، ٹھیکیدار امان اللہ چوہدری ، دیوندر کمار ٹنڈن ، لیبر یونین صدر عبدالمجید چوہدری ، الیاس خان ، کفیل خان ودیگران بھی موجو دتھے ۔اسی طرح سے سرنکوٹ ، نوشہرہ ، کالاکوٹ اور سندر بنی میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں ۔