پونچھ//کفر ٹوٹا خداخدا کرکے کے مصداق بالآخر منی سیکریٹریٹ پونچھ کی عمارت کی مرمت کا کام شروع کردیاگیاہے ۔لگ بھگ ڈھائی سال قبل ہوئے جنگجویانہ حملے کے دوران یہ عمارت فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے تباہ ہوگئی تھی جس کے بعد اس کی طرف کسی نے مڑ کر بھی نہیں دیکھا ۔واضح رہے کہ دو جنگجو عمارت میں داخل ہوگئے جن کے ساتھ جھڑپ میں عمارت کو زبردست نقصان پہنچااور جدید ہتھیاروں سے اس پراس قدر گولہ باری کی گئی کہ دیواریں،کھڑکیاں، دروازے یہاں تک کہ عمارت کی تیسری منزل پر ڈالی گئی ٹین کی چادریں بھی نہ رہیں۔ یہ تصادم ڈھائی دنوں تک جاری رہا تھا جس دوران جنگجوئوں کو تو ماردیاگیالیکن کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی عمارت بھی ریزہ ریزہ ہو گئی اور لوگوں کے دلوں میں ایک خوف طاری ہو گیا کہ کہیں پھر سے یہ ٹوٹی ہوئی عمارت جنگجوئوں کا ٹھکانہ بن جائے کیونکہ اس حملہ کے بعد اس عمارت کی طرف کسی نے دھیان نہیں دیا ۔ لوگوں کی بار بار مانگ کے بعد حکومت اور ضلع انتظامیہ نے آخرکارنوٹس لیا اور اس عمارت کی مرمت کا کام شروع کر دیاگیاہے۔ سرکار اور انتظامیہ کے اس اقدام پر لوگوں نے کہاکہ دیر سے ہی سہی مگر کام تو شروع ہوگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ اب اس کام کو جلد سے جلد مکمل کرکے پونچھ میں مختلف سرکاری محکمہ جات کے بکھرے پڑے دفاتر کو منتقل کرکے ایک جگہ قائم کیاجائے ۔