راجوری//چیف ایجوکیشن افسر راجوری چوہدری لعل حسین نے کئی سکولوں کا دورہ کیا جس دوران کئی ملازمین کو ڈیوٹی کے تئیں لاپرواہ پایاگیا۔انہوں نے ضلع کے دور افتادہ علاقے نارلہ بمبل کا دورہ بھی کیا ۔اس سلسلے میں موصوف کی طرف سے جاری ہوئے حکمنامہ میں بتایاگیاہے کہ پرائمری سکول مرگ حبی زون کوٹرنکہ کے مڈ ڈے میل انچارج کو معطل کیاگیاہے کیونکہ وہ کئی مہینوں کا مڈ ڈے میل ریکارڈ پیش کرنے میں ناکام رہے ۔اس سکول میں طلباء کی تعلیمی کارکردگی بھی کافی کمزور پائی گئی ۔گورنمنٹ ہائی سکول چھمبی تراڑ میں بھی مڈ ڈے میل انچارج ٹیچر محمد رئوف کو بھی معطل کیاگیاہے جبکہ ریکارڈ نہ ہونے پر سکول کے ہیڈ ماسٹر کی تنخواہ روک دی گئی ہے ۔اس دوران سکول کے نظام میں دیگر خرابیاں بھی پائی گئیں جن کی تحقیقات کیلئے پرنسپل ہائراسکینڈری سکول کنڈی کو انکوائری افسر مقرر کیاگیاہے ۔دریں اثناء محکمہ نے گورنمنٹ پرائمری سکول سجالی گالہ کے رہبر تعلیم ٹیچر ونے کمار کو معطل کرتے ہوئے زونل ایجوکیشن افسر موگلا کو انتباہ دیاہے کہ وہ سکول کی کارکردگی میں بہتری لانے کے اقدامات کریں نہیں تو ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔محکمہ نے کہاہے کہ اس سکول نے اس کا نام ہی خراب کردیاہے ۔ساتھ ہی سکول کی مرمت کیلئے گزشتہ سال جاری ہوئی رقومات کی تحقیقات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی طرح سے گورنمنٹ مڈل سکول بمبل خواس کو مقفل پایاگیا جس پر تمام عملے کی تنخواہ روک دی گئی ہے اورساتھ ہی اظہار وجوہ کا نوٹس بھی جاری کیاگیاہے ۔ ہائی سکول مہکتا میں دو اساتذہ کو غیر حاضر پایاگیا جن کی تنخواہیں روک کر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیاگیاہے ۔خواس زون میں تعینات بودھ راج نامی ٹیچر کی تنخواہ بھی ڈیوٹی کے تئیں لاپرواہی برتنے پر روک دی گئی ہے ۔وہیں ہائی سکول نارلہ میں معائنہ کے دوران سکول ہیڈ ماسٹر سے اس بات کا جواب طلب کیاگیاکہ وہ کیوں سکول سے غیرحاضر رہتے ہیں ۔ان کی تنخواہ بھی روک دی گئی ہے۔