راجوری//8ستمبر کو منعقد ہونے والے پولیس کانسٹیبل تحریری امتحان کے پیش نظر راجوری میں چھ امتحانی مراکز کے اردگرد دفعہ144نافذ رہے گا ۔ واضح رہے کہ ضلع مجسٹریٹ راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کی ہدایات پر پولیس کانسٹیبل تحریری امتحان کے لئے راجوری میں چھ مراکز قائم کئے گئے ہیں جن کے ارد گرد تین سو میٹر کے دوری پر دفعہ 144کے تحت پابندیاں عائد رہیں گی ۔ وہیں پولیس انتظامیہ نے اس معاملے میں ایک میٹنگ ڈاک بنگلہ راجوری میں منعقد کی جس میں تمام مراکز پر تعینات سپرینڈنٹ ،روم سپرینڈنٹ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیاکہ وہ امتحان کے دوران کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کرینگے ۔ انہیں ہدایت دی گئی کہ امتحان میں شفافیت لانے کی غرض سے بڑے پیمانے پر حفاظتی دستوں کو تعینات کیا جائے ۔ اس موقعہ پر ایڈیشنل ایس پی راجوری محمد یوسف نے امتحانی مراکز پر تعینات عملے کو تفصیلی جانکاری فراہم کی اور انتظامات کا جائز بھی لیا گیا ۔
امیدوار ہدایات کی پابندی کریں:ایس ایس پی پونچھ
حسین محتشم
پونچھ//جموں کشمیر پولیس کانسٹیبل کیلئے دیگر امتحانات میں کامیاب ہوئے امیدواروں کا تحریری امتحان آٹھ اکتوبر کو منعقد ہوںگے۔اس سلسلہ میں ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کی جانب سے امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی طرح کی ہیراپھیری سے پرہیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی امید وارامتحان کے لوازمات کی خلاف ورزی کریگا ،اس سے سختی سے نپٹا جائے گا ۔انہوں نے امیدواروں کو ہدایت دی کہ مکمل تفصیل کیلئے www.jkpolice.gov.in,پر جاکر جانکاری حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام امیدوار کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ امتحان سنٹر پر صبح آٹھ بجے پہنچیں تاکہ دیگر لوازمات پورے کئے جانے کے بعد گیارہ بجے امتحان شروع ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ امیدوار کوامتحان سنٹر میں اپنے ہمراہ کوئی بھی شناختی ثبوت آدھار کارڈ، پین کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس یا پاسپورٹ مع ایک نیلا بال پوائنٹ پن لانا ہوگا جبکہ امیدوار کتاب، کاپی، کلکولیٹر، ڈیجیٹل گھڑی، کیمرا والی گھڑی، موبائل یا الیکٹرانک مشین امتحان حال میں لانے کی کوشش نہ کرے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ مزید جانکاری کیلئے امید وار موبائل نمبر 01965220258یا 01965220408پر رابطہ کر کریں۔