مینڈھر//مینڈھر کی عوام نے محکمہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے ملازمین سڑکوں کی دیکھ ریکھ کرنے میں ناکام ثابت ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کو کئی سڑکوں پر بلیک ٹاپ بچھانی تھی لیکن اس وقت تک کام نہیں شروع کیا گیا۔ان کاکہناہے کہ گزشتہ سال کی رہ رہی سڑکوں پر اگرچہ تارکول بچھاہے لیکن اس سال ہونے والے کام نہیں ہوئے اور زیادہ تر کام التوا میں پڑے ہوئے ہیں۔انہوںنے الزام لگایاکہ محکمہ ایسا جان بوجھ کر رہاہے ۔ان کاکہناہے کہ محکمہ کے افسران بھی یہ جانتے ہیں کہ آگے سردی ہے اور سردی میں تارکول بچھاتے ہی اٹھ جاتاہے لیکن پھر بھی کام نہیں کیاجارہا۔انہوںنے کہاکہ بالاکوٹ میں ٹی وی ٹاور سے بسونی سڑک اس کی مثال ہے جہاں گزشتہ برس سردیوں کے مہینے میں محکمہ کے ملازمین نے تارکول بچھایالیکن اس وقت سڑک کی حالت بہت ہی خراب ہے اور بڑے بڑے کھڈے بن گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اس وقت تک مینڈھر قصبہ اور قصبہ کے باہر کچھ ایسی سڑکیں ہیں جن پر محکمہ کوضروری تارکول بچھاناتھالیکن ایسا نہیں کیاگیا۔ محمد جمیل ،فاضل خان، محمد رقیب، اللہ دتا اور اشتیاق احمد نے بات کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات عامہ کے افسران سڑکوں کو درست کرنے میں ناکام ثابت ہو رہے ہیں اور سڑکوں کی حالت دن بدن خراب بنتی جارہی ہے جہاںگاڑی چلانا مشکل ہے ۔انہوں نے متعلقہ آفیسران سے اپیل کی کہ فور ی طور سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں نہیں تو لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیںگے ۔