پونچھ//پونچھ کووادی کشمیر سے ملانے والی سب سے کم مسافت والی لورن ۔ٹنگمرگ سڑک کی تعمیر تعطل کاشکار ہے اوراسے مقررہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانا ناممکن دکھائی دے رہاہے ۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر مرحوم مفتی محمد سعید نے لورن ٹنگمرگ سڑک کا چند سال قبل افتتاح کیاتھا اور اسے 2018میں مکمل کرنے کا ہدف متعین کیا گیا تھالیکن سڑک کی تعمیرکا کام نہایت ہی سست روی سے چل رہاہے جس کو دیکھتے ہوئے ممبر قانون ساز اسمبلی پونچھ حویلی شاہ محمد تانترے نے علاقے کادورہ کرکے بی آر او کے افسران کے ہمراہ جائزہ لیا ۔ذرائع کے مطابق تانترے نے اس حوالے سے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے بات کی تھی جس کے بعد دہلی سے محکمہ BROکے آفیسران کی ایک خصوصی ٹیم پونچھ پہنچی جس کے ہمراہ تانترے نے لورن کا دورہ کر کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا ۔انہوں نے افسران سے شکایت کی کہ اس روڈ کا کام سست روی سے کیاجارہاہے ۔ممبر اسمبلی نے بتایا کہ سڑک کے مکمل کرنے کا ہدف2018میں مکمل کرنا رکھا گیا ہے لیکن سست روی کو دیکھتے ہوئے ایسا نہیں لگتا کہ یہ کام مقررہ وقت میں مکمل ہو گا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے محکمہ کے مقامی کے افسران کو ہدایت دیں کہ کام میں سرعت لائی جائے۔افسران نے ممبر اسمبلی کو یقین دلایا کہ وہ اس سڑک کا کام مقررہ وقت پر مکمل کیاجائے گا۔