پونچھ//نوجوانوں کومنشیات کے برے اثرات سے روشناس کرانے کے لئے ضلع پولیس پونچھ نے محکمہ تعلیم ، محکمہ صحت اورانصاف مومنٹ نامی تنظیم کے اشتراک سے ہائر سیکنڈری سکول چنڈک میںسیمینار منعقد کیا ۔اس موقعہ ڈی وائی ایس پی ڈی اے آر پونچھ موہن لال شرما مہمان خصوصی جبکہ چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر ممتاز بھٹی مہمان اعزازی کی حیثیت سے شریک ہوئے ۔پروگرام کی صدارت سکول کے پرنسپل وجے پوری نے کی۔اس موقعہ پر ڈرگز ڈی ایڈکشن سنٹر کی کونسلر تامیز خان کوخصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھاجنہوںنے اس پر تفصیلی روشنی ڈالی۔سیمینار کے دوران ہائر سیکنڈری سکول چنڈک کے علاوہ ہائر سیکنڈری سکول لسانہ اور معروف ہائی سکول کے بچوں میں تقریری مقابلہ ہوا جس میںہائر سیکنڈری سکول چنڈک کے محمد فرید ناز نے اول، معروف اکیڈمی کی ناریہ خان نے دوم اور ہائر سیکنڈری سکول لسانہ کے نظارت حفیظ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ڈی وائی ایس پی نے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو اور دیگر شرکاء کو ہدایت کی کہ اگر ان کی نظر میں کوئی ایسا شخص ہے جو ادویات کا شکار ہے تو اسے پولیس کی جانب سے کھولے گئے نشہ مخالف مرکز میں پہنچایا جائے تاکہ اسے اس بیماری سے بچایا جا سکے۔ سکول کے پرنسپل نے ایسے پروگرام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام خوش آئند ہیں۔ انصاف مومنٹ کے صدر جاوید اقبال ریشی نے کہا کہ ہمارے نوجوان آج کے دور میں نشیلی ادویات کا شکار ہورہے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ ان نوجوانوں کو بیداری نہ ہونا ہے۔پروگرام کے آخر میں مومنٹ کے یوتھ سیکریٹری نے تمام مہمانوں و طلاب کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقعہ پر محمد عباس ملک، عرفان خواجہ، وسیم قریشی اور اخلاق بھی موجو تھے۔