سرنکوٹ//پہاڑی زبان بولنے والے عوام کو شیڈیول ٹرائب کادرجہ دینے کی مانگ کرتے ہوئے بار ایسوسی ایشن سرنکوٹ نے کہاکہ تیس سال سے اس مانگ کو التوامیں رکھ کر اس قوم کا استحصال کیاگیاہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے بار کے صدر یاسر جنجوعہ نے کہا کہ آج تک جتنی بھی سرکاریں وجود میں آئیں ،انہوں نے پہاڑی زبان بولنے والوں کے ساتھ دھوکہ اور فراڈ کیا اورکبھی بھی پہاڑیوں کو ان کے ایس ٹی کا درجہ دئیے جانے کی پرواہ نہیں کی بلکہ اپنی سیاسی روٹیاں سیکنے کے لئے اس قوم کا بیڑہ غرق کیا۔انہوںنے کہا کہ وہ اس وقت ریاستی پہاڑی ایڈوائزری بورڈ کے ممبر ہیں اور انہیں نہیں لگتا کہ اس قوم کویہ درجہ ملے گا کیونکہ ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی اور نہ ہی سنجیدگی دکھائی گئی ہے ۔انہوںنے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سبھی ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہو جائیں اور رام لیلا میدان دہلی کا رخ کریں تاکہ مرکزی حکومت کے کان اور آنکھیں کھولی جا سکیں۔اس موقعہ پرایڈووکیٹ اخلاق حسین شاہ ،ایڈووکیٹ شیراز بجاڑ،ایڈووکیٹ نقی شاہ، افتخار حسین شاہ، ارشاد قاضی،یاسین قاضی وغیرہ بھی موجودتھے۔