پونچھ// ممبراسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے اپنے آبائی گائوں لورن ڈاک بنگلہ میں نوجوانوں کا ایک اجلاس منعقد کیا جس میں پلیرہ چکھڑی، براچھڑی اور لورن کے دوردراز علاقہ جات سے نوجوانوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران نوجوانوں نے اپنے مسائل رکن اسمبلی کے سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے سب سے اہم مسئلہ روزگار کا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ڈگریاں لیکر بیٹھے ہیں اور بے روزگار ہیں جس کی وجہ سے وہ ذہنی پریشانیوں کا شکار ہیں۔انہوں نے ممبر اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ موجودہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کر کے انہیں روزگار فراہم کرنے کی راہ ہموار کرائیں ۔ممبر اسمبلی نے تمام نوجوانوں کو یقین دلایا کہ وہ پوری کوشش کرکے انہیں روزگار کے مواقع دلائیںگے ۔تانترے نے کہا کہ مخلوط سرکار کی جانب سے بے روزگاری کو ختم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے جس کے نتائج جلد ہی سامنے آئیں گے۔انہوں نے نوجوانون سے اپنے خودروزگا ریونٹ قائم کرکے کام کرنے کی بھی تلقین کی ۔انہوں نے کہا کہ سرکار کی جانب سے کئی اسکیمیں چلائی جارہی ہیں جن کو اپنا کر بے روزگار نوجوان اپنا روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ ان کے لئے سرکاری نوکریوں کے مواقع بھی فراہم کئے جائیںگے ۔انہوںنے نوجوانوں پرزور دیاکہ وہ بری صحبتوںسے بچیں اور معاشرے کو سدھارنے کیلئے اقدامات کریں ۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی نوجوانوں کی جماعت ہے جس کو مضبوط کیاجائے ۔دریںممبر اسمبلی نے لورن میں عوامی دربار لگایااور مقامی لوگوں کے پانی، بجلی، راشن اور دیگر مسائل سنے ۔اس موقعہ پر انہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ یہ مسائل حل کریں ۔انہوںنے اس دوران اعلان کیاکہ لورن میں جلد ٹی آر سی قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ موجودہ حکومت ان کو ہر طرح کی آسائش پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیلہ بالا سڑک اور سلطان پتھری سڑک کے ٹینڈر ہوچکے ہیں اور ان دونوں سڑکوں کو دسمبر 2017کے اواخر تک مکمل کیا جائے گا۔