پونچھ//ایم ایل اے حویلی شاہ محمد تانترے نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس کے لیڈران پی ڈی پی کی عوامی مقبولیت سے سخت تشویش مندنظر آ رہے ہیں۔یہاں جاری بیان کے مطابق منڈی کے بیدار علاقہ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بوکھلاہٹ اس حد تک پہنچ چُکی ہے کہ جب اُنہیں عوام کو گمراہ کرنے کاکوئی مدعا نظر نہیں آیا تواُنہوں نے کشمیر کے حالات مخدوش، اقتصادی بد حالی اور سیاسی انتشار جیسا واویلا شروع کیا ہے۔ تانترے نے کہا کہ ان ساری باتوں کادراصل نیشنل کانفرنس از خود شکار ہے اور اس کا ٹھیکرا اب دوسروں کے سر پر پھوڑنا چاہتے ہیں ۔ اس موقعہ پر این سی کارکنان نے پی ڈی پی میں شمولیت کی جن کو ممبراسمبلی نے خوش آمدید کہا ۔ موصوف نے کہا کہ پی ڈی پی غریب طبقہ کی نمائندہ جماعت ہے اور وہ بذاتِ خود ایک اسی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے لیڈران کو اقتدار کی ایسی بھوک ہے کہ اس کے لئے وہ عوام تک کو قُربان کر سکتے ہیں کیوں کہ وہ اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے۔ تانترے نے کہا کہ محترمہ محبوبہ مفتی نے جس تدبر، دیدہ دلیری اور ہمت سے ریاست کی باگ ڈور سنبھال کر ریاست کو ترقی کی جس اُونچائی تک پہنچایا ہے اُس سے نیشنل کانفرنس کے چھوٹے سے لے کر بڑے لیڈران تک بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اُلٹے سیدھے بیان جاری کر کے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جلد ہی موضع پھگواڑی، ڈنوگام ، براچھڑی، چھمبر کناری،مہاڑ کوٹ او ر ناگا ناڑی کے عوام تک سڑک کی سہولت بہم پہنچائی جائے گی۔ اس دوران اُن کے ہمراہ پارٹی کے سینئر لیڈران شہزاد خان، بشیر احمد خاکی، بلال مخدومی، اعجاز احمد منگرال، شکیل پرے، چوہدری غُلام دین، چوہدری محمد شفیع میلو اور خورشید میر بھی موجود تھے۔تانترے آج کل اپنے حلقہ انتخاب کے دورہ پر ہیں جہاں وہ ضلع انتظامیہ کے ہمراہ عوامی مسائل کو بغور سُن کر موقعہ پر ہی حل کیلئے کوشاں ہیں۔