پریم ناتھ ڈوگرہ کے یوم پیدائش پر تقریب
حسین محتشم
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی پونچھ اکائی کی جانب سے ایم ایل سی پردیپ شرما کی قیادت میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس دوران پنڈت پریم ناتھ ڈوگرہ کا یوم پیدائش منایاگیا۔ پارٹی کارکنان نے پریم ناتھ ڈوگرہ کی تصویر پر پھول چڑھائے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔مقررین نے پنڈت پریم ناتھ ڈوگرہ کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی عوام کے لئے وقف کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بزرگوں کی یاد منانا سب کافرض ہے۔ پارٹی کے ریاستی سکریٹری سنیل گپتا نے اورایم ایل سی پردیپ شرما نے کہا کہ ڈوگرہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ستون کی حیثیت رکھتے تھے اور ایسے لیڈر کو سلام پیش کرتے ہیں ۔
طلباء کے وفد کی ایڈیشنل ایس پی سے ملاقات
منیر خان
راجوری //عاقب وانی کی قیادت میں طلباء کے ایک وفد نے ایڈیشنل ایس پی راجوری سے ملاقات کرکے انہیں پی جی کالج راجوری میں درپیش مسائل حل کرنے پر زور دیا ۔وفد کے ارکان نے کہاکہ راجوری قصبہ سے کالج پہنچنے کے لئے طلباء کوتین گاڑیاں تبدیل کرنی پڑتی ہیں جوا ن کے لئے نہایت ہی تکلیف دہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درہال سے راجوری آنے والے طلباء سے پورا کرایہ وصول کیا جارہا ہے جبکہ عدالت عظمیٰ کا حکم ہے کہ ایک گاڑی میں سات طلباء نصف کرایہ اداکرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جواہر نگر سے کالج کے لئے ٹاٹامیجک لگائے جائیں تاکہ طلباء کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔ عاقب وانی نے کہاکہ اگر طلباء کے ساتھ اسی طرح سے زیادتی جاری رہی تو وہ احتجا ج کرنے پر مجبور ہوجائیںگے ۔
محکمہ تعمیرات عامہ سے ناامیدی
منگوٹہ۔پھلواڑی سڑک پر مقامی لوگوں نے خود کام شروع کیا
طارق شال
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے علاقہ منگوٹہ سے 7 کلو میٹر لمبی سڑک پر مقامی لوگوں نے خود تعمیری کام شروع کر دیا ہے ۔منگوٹہ تا پھلواڑی سڑک کی تعمیر کے لئے محکمہ تعمیرات عامہ نے گزشتہ سال آدھا کلو میٹر کھدائی کاکام کر کے ٹھپ کر دیاتھا۔ اس سڑک کی کھدائی سے بیشتر لوگوں کی زرعی زمینوں کا نقصان ہوا ۔اگرچہ کام شروع ہونے کے وقت پھلواڑی کے عوام کے چہروں پر مسکراہٹ کے آگئی تھی لیکن محکمہ نے تھوڑی سی کھدائی کے بعد کام بند کردیاجسکی وجہ سے مقامی عوام کیلئے چلنے کاراستہ بھی بند ہوگیا ۔لوگ ایک سال تک مزید کام شروع ہونے کی آس لگائے رہے لیکن اب ناامید ہوکر انہوںنے خود ہی اس سڑک کی تعمیر کا کام شروع کر دیاہے۔ موہڑا پھلواڑی کی آبادی 250 افراد پر مشتمل ہے جبکہ یہ گائوں کافی دور تک پھیلا ہواہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مرکزی سرکار نے پردھان منتری سڑک یوجنا کے تحت سڑکوں کا جا ل بچھا رکھا ہے لیکن اس علاقے کی طرف سرکار کوئی دھیان نہیں دے رہی ۔ مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کی ہے کہ سڑک کی تعمیر کیلئے حکام کو واضح ہدایات جاری کی جائیں ۔